کراچی،شدید گرمی سے 24 گھنٹوں میں مزید 72 افراد جان کی بازی ہار گئے،جاں بحق افراد کی تعداد 1100سے تجاوز کر گئی ،سہراب گوٹھ ایدھی سینٹرکے سامنے گرمی سے جاں بحق ہونے والے 70لاوارث میتوں کی اجتماعی نمازجنازہ ادا

ہفتہ 27 جون 2015 04:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جون۔2015ء)کراچی میں شدید گرمی سے 24 گھنٹوں میں مزید 72 افراد جان کی بازی ہار گئے ،جاں بحق افراد کی تعداد 1100سے تجاوز کر گئی ہے۔ 300 سے زائد مریض اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔کراچی میں درجے حرارت میں کمی کے باوجود ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریضوں کی ہلاکتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں۔ 24 گھنٹے کے دوران سول اسپتال میں 16 ،جناح اسپتال میں 18 ،بلدیہ عظمیٰ کے اسپتالوں میں 13 ، آغا خان اسپتال میں 20 ،پٹیل اسپتال میں4 اور انڈس اسپتال میں ایک مریض دم توڑ گیا۔

گزشتہ 7 روز میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1100 سے زائد ہوگئی ہے۔ترجمان جناح اسپتال ڈاکٹر جاوید جمالی کے مطابق سب سے زیادہ افراد جناح اسپتال لائے گئے جہاں اب تک 329افراد انتقال کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

کے ایم سی کے اسپتالوں میں 213 اور سول اسپتال میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 133 ہے۔سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں 23،لیاقت نیشنل اسپتال میں 72،انڈس اسپتال میں 41کورنگی اسپتال میں 14 اور سندھ گورنمنٹ اسپتال لیا قت آباد میں 6افراد ،اوجھا اسپتال میں 19 ،قطر اسپتال میں 32 پٹیل اسپتال میں 30 اورضیاالدین اسپتال کے تینوں کیمپس میں 6دنوں میں 60افرادجان سے گئے۔

لانڈھی جیل میں بھی دو روز قبل دو قیدی جاں بحق ہوگئے تھے۔دوسری جانب اب بھی جناح اسپتال میں 100 ، سول میں58اور دیگر اسپتالوں میں 150سے زائد مریض زیر علاج ہیں۔ ادھرکراچی کے علاقے سہراب گوٹھ ایدھی سینٹرکے سامنے گرمی سے جاں بحق ہونے والے 70لاوارث میتوں کی اجتماعی نمازجنازہ ادا کردی گئی ہے،نماز جنازہ سماجی کارکن عبدالستار ایدھی نے بھی شرکت کی ،اس موقع پر عبدالستار ایدھی کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت سے اموات ملک کاسب سے بڑاسانحہ ہے،7روز کے دوران 900 سے زائد میتوں کو ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیاتھا،حکومت کی طرف سے کوئی تعاون نہیں تھا،میتیوں کفنانے اور دفنانے کے تمام انتظامات ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت کیے ہیں،لاوارث میتوں کی تدفین موچھ گوٹھ قبرستان میں اداکی جائے گی،لاوارث میتوں کی نماز جنازہ سردخانے میں جگہ کی کمی ہونے کے باعث اداکی گئی۔