آصف زرداری سمیت بلاول بھٹو اور فریال تالپور کی بیرون ملک روانگی کے بعد پیپلز پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ شروع ہونے کا قوی امکان ، زرداری دوبئی سے امریکہ جائیں گے، امریکی انتظامیہ نے گارنٹی دی تو واپسی وگرنہ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرلیں گے ،سینئر عہدیدار کا انکشا ف

جمعہ 26 جون 2015 02:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جون۔2015ء) آصف علی زرداری سمیت بلاول بھٹو اور فریال تالپور کی بیرون ملک روانگی کے بعد پیپلز پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل شروع ہونے کا قوی امکان ہے ۔ پیپلز پارٹی کے سینئر لوگ سابق صدر آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی بیرون ملک اچانک روانگی مختلف زاویوں سے دیکھ رہے ہیں ۔ پی پی کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری دوبئی سے امریکہ جائیں گے اور امریکی حکام سے کراچی میں جاری آپریشن بارے اپنے تحفظات پر تبادلہ خیال کرینگے اگر امریکی انتظامیہ نے آصف علی زرداری کو گارنٹی دی تو ان کی واپسی ہوجائے گی وگرنہ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ باہر ہی رہیں گے اور خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرجائیں گے ۔

(جاری ہے)

پی پی پی کے اندرونی ذرائع کے مطابق پی پی پی کی قیادت کیلئے فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار جونیئر کو آگے لانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ایک ایسے وقت میں جب گرمی کی قاتل لہر نے کراچی میں لاشوں کے ڈھیر لگا رکھے ہیں آصف علی زرداری لوگوں کے دکھوں میں شریک ہونے کی بجائے اپنی فیملی کے تمام ممبران کو لیکر دوبئی جا چکے ہیں اور وہاں سے ان کی امریکہ روانگی متوقع ہے بلاول ہاؤس کی طرف سے اگرچہ آصف علی زرداری کی جمعہ تک واپسی کا عندیہ دیا جارہا ہے لیکن پارٹی کے سینئر عہدیداران اس بات سے متفق نظر نہیں آتے ۔