کے الیکٹرک کے مسئلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے،خواجہ آصف ،بنیادی مسئلہ بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ ہے،کراچی سمیت مختلف علاقوں میں اموات ایک بڑا مسئلہ ہے یہ اموات موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے ہوئی ہیں ،کراچی میں 70 فیصد اموات گھروں سے باہر کام کرنے والے مزدورں اور 30 فیصد گھروں میں ہوئی ہیں ، کراچی میں اموات کی اصل ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے،جب قبرستانوں پر ہاؤسنگ کالونیاں بنتی ہیں چائنہ کٹنگ ہوتی ہے تو واقعی مردوں کو دفنانے کے لئے جگہ نہیں ملتی ہے، بجلی کے مسئلے پر بحث سمیٹتے ہوئے اظہا ر خیال

جمعہ 26 جون 2015 02:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جون۔2015ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے مسئلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے اور کراچی کے عوام کے مفاد میں فیصلہ کیا جائے گا ، بنیادی مسئلہ بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ ہے،کراچی سمیت مختلف علاقوں میں اموات ایک بڑا مسئلہ ہے یہ اموات موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے ہوئی ہیں ،کراچی میں 70 فیصد اموات گھروں سے باہر کام کرنے والے مزدورں اور 30 فیصد گھروں میں ہوئی ہیں ، کراچی میں اموات کی اصل ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے،جب قبرستانوں پر ہاؤسنگ کالونیاں بنتی ہیں چائنہ کٹنگ ہوتی ہے تو واقعی مردوں کو دفنانے کے لئے جگہ نہیں ملتی ہے ، بجلی چوری کی روک تھام کی اولین ذمہ داری وفاق پر ہے ۔

جمعرات کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجلی کے مسئلے پر بحث کو سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ 2005 میں کے الیکٹرک سعودی گروپ نے مزید اگر 2008 میں معاہدے میں غیر قانونی تبدیلیاں کر کے ایک گروپ کو دے دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہم اس وقت کے الیکٹرک کو 650 میگاواٹ بجلی دے رہے ہیں اور وہ اپنا پلانٹ نہیں چلاتے ہیں۔اگر کے الیکٹرک اپنا پلانٹ چلائیں تو ہماری بجلی بچ سکتی ہے ۔

کے الیکٹرک کے ساتھ نیا معاہدہ کراچی کے عوام کے مفادات کے تحت کیا جائے گا اگر ایوان چاہتی ہے تو ہم 2005 کے معاہدوں کو پارلیمنٹ کے سامنے رکھ دیں گے اور اس میں تمام نام سامنے لائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کی اولین ذمہ داری وفاق پر ہے ۔بجلی چوری میں محکمے کے اہلکار ملوث ہوتے ہیں تاہم صارف بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ممبران اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں بجلی چوری کی روک تھام میں مدد کریں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی دوسری نجکاری پیپلزپارٹی کے دور میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کا معاہدہ ابھی طے نہیں ہوا ہے یہ بھی مدت کا معاہدہ ہو گا اور اس کی قیمت ایشیائی سستی ترین قیمت ہو گی۔ جس سے پیدا ہونے والی بجلی تیل اور کوئلے کے مقابلے میں سستی ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کے خلاف عدالت میں گیا تھا اس کی کاسٹ 58 ارب تک پہنچ چکا ہے ۔ کچھ سامان خراب ہو گیا تھا انہوں نے کہا کہ اگلے سال جنوری تک ایل این جی میسر ہونے کے بعد پورا پلانٹ چلنا شروع ہو جائے گا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں منڈا ڈیم پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ چترال اور دریائے سوات سے سستی بجلی حاصل ہو سکتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ زراعت کے لئے بھی پانی حاصل کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے مسئلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے اور کراچی کے عوام کے مفاد میں فیصلہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیاسی مداخلت کی بنا پر سرکاری اداروں پر دباؤ ڈالا جاتا ہے مظفر گڑھ پلانٹ سے اربوں روپے کا تیل چوری ہوتا ہے ۔

جس میں سیاستدان اور بااثر شخصیات ملوث ہیں انہوں نے کہاکہ 2017 تک پاکستان میں بھی لوڈشیڈنگ ختم ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بڑی بڑی ٹرانسمیشن لائنوں پر کام جاری ہے اور یہ بھی 2017 تک مکمل ہو جائے گی انہوں نے کہا کہ ونڈ اور سولر انرجی کا ٹیرف کم ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری روکنے کے لئے سمارٹ میٹرز لگائے جائیں گے تاہم اس کے لئے اربوں روپے درکار ہوں گے ۔

اب پرائیویٹ سیکٹر بھی ٹرانسمیشن لائن لگا سکتے ہیں۔شمسی توانائی کے ذریعے میٹرنگ کا طریقہ کار پر بھی سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا مسئلہ گزشتہ کئی ادوار کا ہے اگلے الیکشن سے قبل بجلی کی نہ صرف سپلائی بحال کریں گے بلکہ بجلی کو سستی بھی کریں گے۔ تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سب کو بجلی پیدا کرنے کی اجازت دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت بھرپور مدد کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہم ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور جہاں بھی ہماری کوتاہی ثابت ہو تو ہم اس کو تسلیم کریں گے ۔ہم ہر وقت احتساب کے لئے حاضر ہیں۔ایوان ہمارے خامیوں کی نشاندہی کرے ۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے توانائی کی صورت حال پر بحث کو اگلے سیشن میں دوبارہ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا ۔