سیاسی و عسکری قیادت کا ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مضبوط عزم کا اظہار،وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات ،ملک کی داخلی و خارجی صورت حال پر تبادلہ خیال،ملک میں امن و خوشحالی کیلئے دہشت گردوں کا ہر صور ت خاتمہ ،سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنیوالوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا،ملاقات میں اتفاق

بدھ 24 جون 2015 08:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 جون۔2015ء)سیاسی و عسکری قیادت نے ایک بار پھر ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اپنے مضبوط عزم کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ دہشت گردوں کا ہر قیمت پرخاتمہ کیا جائیگا،دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کوقانون کے کٹہرے میں لائیں گے،ملک بھر میں قومی ایکشن پلان کے تحت جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آپریشن جاری رہے گا اور آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس مصدق ملک کے مطابق منگل کے روز یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقا ت کی ہے جس میں ملک کی داخلی و خارجہ صور ت حال اور جاری آپریشن ضرب عضب پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا ،دونوں رہنماؤں نے دہشت گردوں کیخلاف جاری کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا اور دہشت گردوں کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائیگا اور دہشت گردوں کی مالی معاونت اور سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کامیاب آپریشن ضرب عضب سے بنے ہوئے ماحول کا بھر پور فائدہ اٹھایا جائیگااور ملک بھر میں شدت پسندوں اور ایسے جرائم پیشہ عناصر جہاں بھی ہوں گے ان کو کٹہرے میں لایاجائیگا،وزیر اعظم نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے ملک میں دہشت گرد ی خاتمہ ہورہا ہے اور دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے جس سے ملک میں ماضی کی نسبت امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :