ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ،اپوزیشن جماعتیں حکومت کیخلاف اکھٹی ہوگئیں،حکومت بجلی بحران کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ،لوگ گرمی سے مررہے ہیں،حکمران ائیر کنڈیشنز میں آرام کررہے ہیں،حکومت کہتی کچھ ہے اور کرتی کچھ ہے ، لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج عوام کا حق ہے ،تمام اپوزیشن جماعتیں عوام کے ساتھ ہیں، حکمرانوں کے بلند وبانگ دعوے کھل کر سامنے آگئے ہیں،سید خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی ،شیخ رشید ،آفتاب شیر پاؤ،غلام بلور،رشید گوڈیل کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو

منگل 23 جون 2015 08:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 جون۔2015ء)اپوزیشن جماعتوں نے ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی بحران کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ،لوگ گرمی سے مررہے ہیں اور حکمران ائیر کنڈیشنز میں آرام کررہے ہیں،حکومت کہتی کچھ ہے اور کرتی کچھ ہے ، لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج عوام کا حق ہے ،تمام اپوزیشن جماعتیں عوام کے ساتھ ہیں۔

پیر کے روز اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس واک آؤٹ کیا اورحکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ لودشیڈنگ سے عوام مر رہی ہے حکومت کوانسانی جانوں کے ضیاع پر کوئی افسوس نہیں۔ حکومت ملک میں لوڈشیڈنگ پر قابوپانے میں ناکام ہو چکی ہے پورے پاکستان میں بدتریں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظمکی یقین دہانی کے باوجود بدترین لو شیڈنگ جاری ہے۔ساری اپوزشن متحد ہو کر حکومت کی بے حسی کیخلاف سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے بجلی بحران کے حوالے سے ایوان میں بات کی تو کسی حکومتی ذمہ دار نے ہمیں جواب نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے بحران کو ختم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے آج ملک میں لوگ گرمی سے جل رہے ہمارے حکمران ائرکنڈیشنز میں آرام فرما رہے ہیں۔

حکومت کو عام عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں انہیں صر ف اپنی مشہوری کرانی ہوتی اس لیے ایسے منصوبے شروع کرتے جس میں ایڈورٹائزمنت کا عنصر موجود ہوآج ساری اپوزیشن عوام کے ساتھ ہے اور حکومت سے یک جان ہو کر مطالبہ کرتی ہے کے جلد ملک سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کریں، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ جو لوگ احتجاج کیلئے باہر نکلے ہیں یہ ان کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساری اپوزیشن اور قوم اس لوڈشیڈنگ کے خلاف متحد ہوچکی ہے۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت جو کہتی ہے وہ کرتی نہیں بدترین لوڈشیڈنگ سے حکومت کی قلعی کھل گئی ہے،وزیر آعظم نے کہا تھا کہ لوڈشیڈنگ میں کمی ہو گی لیکن رمضان میں کمی کے بجاے لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔ خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ 19گھنٹے سے تجاوز کر رہی ہے تھرپارکر میں16 جون سے بجلی نہیں کراچی کی تاریخ میں پہلی بار لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گرمی سے 150سے زائد لوگ جاں بحق ہو گئے حکومت کو ٹس سے مس نہیں ہوتی۔

بجلی بحران کے حوالے سے حکومت کے بلند وبانگ دعوے کھل کر سامنے آگئے ہیں،حکومت کہتی کچھ ہے اور کرتی کچھ ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران نے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر شہر میں احتجاج ہورہا ہے جبکہ کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پچھلے دو سالوں میں بجلی کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ کردیا ہے جبکہ حکومت بجلی چوری کو ختم نہیں کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ عوام بجلی کے بحران پر جو احتجاج کر رہے ہیں وہ برحق ہے اور ہم ان کی حمایت کرتے ہیں۔ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل نے کہا ہے کہ کراچی میں146اموات ہوچکی ہیں اور جو لوگ احتجاج کر رہے ہیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر بجلی کے مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو یہ بات کسی بھی حد تک جاسکتی ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ افطار اور سحری کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لوگ سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے حکومت بدنام ہورہی ہے، وفاقی حکومت میگا پرجیکٹ شروع کرنے کے دعوے بندکرے پہلے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔ حکومت کی اولین ترجیحی بجلی کی پیدوار ہونی چاہیے ملک میں لوڈشیڈنگ سے حکومت کے ساتھ ساتھ ہماری بھی بدنامی ہو رہی ہے۔