ایف آئی اے کے گریڈ پانچ تا چودہ تک کے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کے لئے نوٹیفکیشن جا ری

پیر 22 جون 2015 08:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 جون۔2015ء)جعلی ڈگریوں کی تحقیقات کرنے والے ادارے ایف آئی اے نے اپنے ہی محکمہ میں بھرتی ہونے والے افراد کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ ایف آئی اے کے گریڈ پانچ تا گریڈ چودہ تک کے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا نوٹیفکیشن ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ خضر سلیم کھوکھر کی جانب سے جاری کیا گیا ۔

خبر رساں ادارے ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن میں ہیڈ کوارٹر میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے پرائیوٹ سیکرٹری، ایڈیشنل ڈائریکٹرزسنٹرل کرائم ریکارڈ،ڈائریکٹر انٹر پول،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن،ڈائریکٹر ٹریننگ،ڈائریکٹر اکنامک کرائم ونگ،سمیت اسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ ایف آئی اے میں حال ہی میں بھرتی ہونے والے سات سو افراد کی ڈگریوں کی چیکنگ کی جائے اور جس یونیورسٹی یا بورڈ کی طرف سے تعلیمی اسناد جاری کی گئیں ہیں ان سے ڈگریوں کی تصدیق کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق حال ہی میں بھرتی ہونے والے گریڈ پانچ سپاہی سے لے کر گریڈچودہ سب انسپکٹر تک کے ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کی جائے ۔ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی بی ایم ایس کے پراجیکٹ میں بھرتی ہونے والے افراد کی ڈگریاں مشکوک ہیں اس کے علاوہ دو ہزار سے لے کر دو ہزار پندرہ تک تقریباً پندرہ سو افراد کو ملازمت دی گئی ہے صرف حال ہی میں بھرتی ہونے والے افراد کی ڈگریوں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ ایف آئی اے ہیڈ کواٹر میں تعینات سٹینو ٹائیپسٹ علی کی ڈگری بھی جعلی ہے جو کہ ڈائریکٹر جنرل اکبر خان ہوتی کے اے پی ایس طارق کا عزیز ہے ۔اس سلسلے میں جب ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے اسٹیبلشمنٹ خضر سلیم کھوکھر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا بالکل ڈگریوں کی تصدیق کے لیے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کو مراسلہ جاری کر دیا ہے اور صرف نئے بھرتی ہونے والے چارسات سو افراد کی ڈگریوں کی تصدیق کی جائے گی۔