انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آرمی پبلک سکول کے زخمی بچوں کی میزبانی کرینگے اورسرکاری سطح پر علاج کرائیں گے:شہبازشریف،آرمی پبلک سکول کے بچے پاکستان کے بچے ہیں ہمارے مہمان ہیں‘ زخمی طلبا کی بحالی ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے‘وزیراعلی پنجاب

پیر 22 جون 2015 08:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی میزبانی کرے گی اور سرکاری سطح پر زخمی طلباء کا علاج کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے زخمی طلبا کی بحالی ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کوبھی اپنی یہ ذمہ داری پوری کرنی چاہیے تھی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے یہ بچے پاکستان کے بچے ہیں اور ہمارے مہمان ہیں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ آرمی پبلک سکول کے زخمی طلبا کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے آرمی پبلک سکول کے زخمی طلبا کی بحالی کے انتظامات کے لئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ تین رکنی کمیٹی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق‘ سیکرٹری صحت جوادرفیق ملک اور کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل پر مشتمل ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر خصوصی کمیٹی آرمی پبلک سکول کے زخمی طلبا کے والدین سے بھی ملاقات کرے گی۔