پاکستان تحریک انصاف کا انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ، خیبرپختونخوا ،سندھ اور سینٹرل کے الیکشن کمشنر بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں،ووٹرز کی جانچ پڑتال کیلئے اسلام آباد میں دفتر قائم

پیر 22 جون 2015 08:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 جون۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف نے انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے،خیبرپختونخوا،سندھ اور سینٹرل کے الیکشن کمشنر بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں،ووٹرز کی جانچ پڑتال کیلئے اسلام آباد میں دفتر قائم کردیا گیا ہے جبکہ تسنیم نورانی کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیاگیا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کے مطابق پارٹی نئے آئین کا مسودہ تیا رکرلیاگیا ہے اور اس آئین کے تحت نومبر تک الیکشن کرائے جانے کا امکان ہے تاہم الیکشن کی حتمی تاریخ کا اعلان چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق انٹراپارٹی الیکشن کے لئے ووٹرز کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے اسلام آباد میں دفتر قائم کردیاگیا ہے جہاں 70لاکھ ووٹرز کی جانچ پڑتال ہوگی۔نعیم الحق کے مطابق سندھ،خیبرپختونخوا اور مرکز کے الیکشن کمشنر کا تقرر بھی کردیاگیا ہے،جنرل (ر) تاج کو خیبرپختونخوا صوبائی الیکشن کمشنر،فیروز خان کو سندھ سے جبکہ سینیٹر نعمان وزیر کو سینٹرل الیکشن کمشنر تعینات کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق بلوچستان اور پنجاب کے الیکشن کمشنر کا تعین تاحال نہیں ہوسکا امید ہے جلد انکا تقرر بھی عمل میں لایا جائے گا