پاکستا نی خفیہ ادارے پر حملہ ، امریکی شہری کو ساڑھے سات سال قید کی سزا ، مالدیپ کے شہری علی جلیل کو تقریباً ڈھائی ہزار ڈالر فراہم کیے تھے ۔ 51 سالہ ریاض قادر خان کا عدالت میں اعتراف جرم

اتوار 21 جون 2015 08:17

واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جون۔2015ء ) امریکی عدالت نے پاکستانی فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے دفتر پر خودکش حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے جرم میں ایک امریکی شہری کو ساڑھے سات سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ کے رہائشی 51 سالہ ریاض قادر خان پر اس مقدمے میں سنہ 2013 میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی اور انھوں نے رواں برس فروری میں دہشت گردوں کی مدد کا الزام قبول کر لیا تھا۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد جمعے کو انھیں سزا سنائی۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سماعت کے دوران ریاض نے تسلیم کیا تھا کہ انھوں نے مالدیپ کے ایک شہری علی جلیل کو تقریباً ڈھائی ہزار ڈالر فراہم کیے تھے۔یاد رہے کہ ستائیس مئی 2009 کو لاہور میں آئی ایس آئی کے دفتر پر خودکش حملے کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور تین سو سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

فرد جرم کے مطابق اس حملے کی منصوبہ بندی دسمبر 2005 میں شروع کی گئی تھی۔علی جلیل اس حملے میں شامل تین خودکش حملہ آوروں میں سے ایک تھے اور ریاض قادر کی مالی مدد سے انھوں نے حملے کے لیے ٹریننگ کیمپ میں تربیت حاصل کی تھی۔ ریاض قادر نے اس حملے کے بعد علی جلیل کی اہلیاوٴں کو بھی مشورے دینے اور ان کی مالی مدد کرنے کے الزامات بھی قبول کیے تھے۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ ’ملزم جانتا تھا کہ اس کی اس مدد کے نتیجے میں جلیل کی بیویوں اور اس حملے میں مدد کرنے والے دیگر افراد کی گرفتاری میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :