وزیر اعظم کے احکامات ہوا میں،سحر و افطار کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ،عوام کا حکومت کیخلاف سخت غم و غصے کا اظہار ،رمضان میں کسی قسم کی بجلی کی لوڈشیڈنگ برداشت نہیں کی جا ئیگی، وزیر اعظم ، نواز شریف کا رمضان میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس، وزارت پانی و بجلی کے ذمہ داران کوآج طلب کر لیا

ہفتہ 20 جون 2015 08:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 جون۔2015ء) وزارت پانی و بجلی نے وزیراعظم محمد نواز شریف طرف سے رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کم کرنے سے متعلق سخت احکامات کو ہوا میں اڑا دیا۔ ملک کے مختلف اضلاع اور ڈویژنز میں سحر و افطار کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا جبکہ عوام کی (ن) لیگ حکومت کے خلاف شدید غم و غصہ دیکھنے کو ملا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے افطاری اور سحری کے اوقات میں لوڈ شیدنگ کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کے بعد وزارت پانی و بجلی کو واضح احکامات جاری کردی تھی کہ سحری اور افطاری کے دوران لوڈ شیدنگ نہ کی جائے لیکن وزارت پانی و بجلی نے وزیراعظم کے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے نہ صرف ملک کے بیشتر اضلاع اور ڈویژن میں بجلی غائب ہوگئی جبکہ عوام (ن) لیگ حکومت کے خلاف شدید غم و غصہ دیکھنے کو ملا کے پی کے اور پنجاب میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف جمعہ کو رات گئے تک جاری رہی۔

(جاری ہے)

صوابی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج اور ہوائی فائرنگ کی ہے۔ مشتعل مظاہرین نے پیسکو اور سرکاری دفاتر کو آگ لگا دی۔ فایئر بریگیڈ کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے، عملے پر تشدد کیا اور موٹروے بند کردی۔ ادھر کراچی شہر کے کئی علاقوں میں سحری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ، جس میں لیاری، گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، شاہ فیصل کالونی میں سحری کے اوقات میں بجلی غائب ہوگئی۔

ماہ رمضان میں سحر اور افطار کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دہرے کے دہرے رہ گئے۔ ضلع صوابی میں بجلی بندش کے خلاف شہری مشتعل ہوگئے، چھوٹا لاہور میں شہریوں نے ہوائی فائرنگ کی اور پیسکو اور سرکاری دفاتر کو آگ لگادی۔ مظاہرین نے فائربریگیڈ کے شیشے توڑ دیئے اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین نے انبار کے مقام پر پشاور اسلام آباد موٹروے بند کردیا اور گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا، تاہم بعد میں ڈی پی او سجاد خان اور ڈپٹی کمشنر مطیع اللہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

ادھروزیراعظم میاں نوازشریف نے ملک بھرمیں رمضان المبارک کے مہینے میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کانوٹس لیتے ہوئے وزارت پانی وبجلی کے تمام ذمہ دارن کوآج ہفتہ کوطلب کرلیاہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے آج ہفتہ کواسلام آبادمیں وزارت پانی وبجلی کے تمام ذمہ داران کوطلب کرلیا۔انہوں نے ملک بھرمیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں افطاراورسحری کے دوران غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کانوٹس لیتے ہوئے سخت برہمی کااظہارکیااورکہاکہ رمضان المبارک کے مہینے میں کسی قسم کی بجلی کی لوڈشیڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی ۔

واضح رہے کہ وزارت پانی وبجلی خواجہ آصف نے وعدہ کیاتھاکہ وزیراعظم کی ہدایت پرافطاراورسحری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی ،اس وقت ملک بھرمیں لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے ،پشاور،چارسدہ میں عوام نے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مطاہرہ کے دوران پولیس اوراحتجاجی مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا،جس میں بیس سے زائد احتجاجی مظاہرین زخمی جبکہ پچاس افرادکوگرفتارکیاگیا