آرمی چیف کا پاک افغان بارڈر پر اگلے مورچوں کا دورہ ،جوانوں اور افسروں کو گلے لگایا،جنرل راحیل شریف کا دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار ، افسروں اور جوانوں پیشہ ورانہ عزم کو خراج تحسین پیش کیا،باڑہ میں قائم اصلاحی مرکز کا دورہ کیا،قبائلی عمائدین سے ملاقات،تعاون کو سراہا ،آئی ایس پی آر،دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ،دوبارہ پاؤں جمانے نہیں دینگے،پوری قوم کے تعاون سے جنگ جیتیں گے، سہولت کاروں اور مالی معاونوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے،آرمی چیف کا جوانوں سے خطاب

ہفتہ 20 جون 2015 08:24

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 جون۔2015ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، پوری قوم کے تعاون سے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کریں گے،دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور مالی معاونوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔آئی ایس پی آر کے ترجمان عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی چیف دورہ روس مکمل کر کے وطن واپس پہنچے اور فوراً خیبر ایجنسی کا دورہ کیا ہے اور پورا دن جوانوں کے ساتھ گزارا ہے ،آرمی چیف نے سب سے پہلے پاک افغان بارڈر کے قریب باورد کے علاقے کا دورہ کیا اورافسروں اور جوانوں کے حوصلے بلند رکھنے کیلئے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں کو گلے لگایا ،آرمی چیف کو پاک افغان بارڈر پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اورکامیبوں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ،آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں پیشہ ورانہ عزم کو خراج تحسین پیش کیا،ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے ہتھیار پھینکنے والے دہشت گردوں کیلئے قائم کیا گیا قائم اصلاحی مرکز کا دورہ کیا اور وہاں قبائلی عمائدین سے ملاقات کی ،آرمی چیف نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قبائلی عمائدین کے تعاون کو سراہا ہے۔آرمی چیف نے شہداء اور زخمیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے اب یہ سر اٹھانے کے قابل نہیں رہے،ملک میں امن اور سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں ،دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور مالی معاونوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے،انہوں نے کہا کہ خیبر ایجنسی کو دہشت گردوں سے صفایا کر دیا گیا ہے اور چند دہشت گرد وں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور وہ مخصوص علاقے تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں،آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں نے مشکل علاقوں میں مضبوط گڑھ بنا رکھے تھے جنہیں تباہ کر دیئے گئے ہیں،دہشت گرد غیر ملکی اسلحہ اور گولہ بارود کو دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال کرتے رہے ہیں،آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے انہیں دوبارہ خیبر ایجنسی میں پاؤں نہیں جمانے دیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے مقاصد ہر صورت حال کرکے ہی رہیں گے۔