بھارتی مداخلت کا معاملہ دنیا بھر میں اٹھایا جائیگا،پاکستان،پاکستان اور بھارت کے درمیان سنجیدہ مسائل حل طلب ہیں، پاکستان امن کا فروغ چاہتا ہے،خطے میں امن دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے،پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب میں لازوال قربانی دیں ،داعش کا پاکستان میں کوئی وجود نہیں،ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی کی بریفنگ

جمعہ 19 جون 2015 07:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 جون۔2015ء)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ دنیا بھر میں اٹھایا جائیگا ، پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہیں۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ضرب عضب کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ مسلح افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں ،عالمی برادری بھی کامیابیوں پر مسلح افواج کی معترف ہے، ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ دنیا بھر میں اٹھایا جائے گا تاہم پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارت کے درمیان سنجیدہ مسائل حل طلب ہیں اور پاکستان خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے جب کہ پاک بھارت تعلقات کو معمول کی سطح پرلانا خطے کے لئے بہتر ہے اس لئے خطے میں امن کا قیام دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس میں شرکت کرے گا تاہم اس سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے اور نہ ہی داعش سے کسی قسم کا کوئی خطرہ ہے۔