وزیر اعظم نواز شریف ،آصف زرداری ملاقات منسوخ، فوج جیسے اہم ادارے پر تنقید نامناسب اوربلا جواز ہے،نواز شریف،مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے،فوج آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد کررہی ہے،فوج پر تنقید کرنے سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی،وزیر اعظم کاآصف زرداری کے بیان پر ردعمل

جمعرات 18 جون 2015 07:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 جون۔2015ء)وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ فوج جیسے اہم ادارے پر تنقید بلا جواز ہے ،ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے ،آپریشن ضرب عضب آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ان حالات میں فوج پر تنقید نامناسب ہے،فوج پر تنقید کرنے سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی ،مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے،بدھ کے روز وزیر اعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطحی سیاسی مشاورتی اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف نے آصف زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور سیاسی قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے جس سے ملک میں جمہوریت مستحکم ہوئی ہے،مسلح افواج آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد کررہی ہے اور آپریشن نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ان حالات میں فوج پر تنقید بلا جواز ہے ،وزیر اعظم نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی اور عسکری قیادت نے مشترکہ طور پر قومی اہداف مقرر کئے ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں نے ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا ہے ،ہم آہنگی کا عمل اسی جذبے کے ساتھ جاری رہنا چاہیے،وزیر اعظم نے کہا کہ ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے اورآپریشن ضرب عضب بھی آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اس وقت فوج جیسے اہم ادارے پر تنقید بلا جواز ہے،مسلح افواج آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد کررہی ہے اس وقت قومی اتفاق و اتحاد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف زرداری کے درمیان ملاقات منسوخ کر دی گئی۔ترجمان وزیر اعظم ہاؤس مصدق ملک نے بتایا کہ وزیر اعظم اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات کیلئے کوئی شیڈول طے نہیں ہوا ہے اس لئے وزیر عظم نے آصف زرداری سے ملاقات کیلئے معذرت کر لی ہے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر فرحت اللہ بابرنے بھی وزیر اعظم ،آصف زرداری ملاقات کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان آج کوئی ملاقات نہیں ہورہی ہے تاہم یہ ملاقات طے شدہ تھی منسوخی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا تاہم یہ ملاقات آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزراء نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ وہ آصف زرداری سے ملاقات نہ کریں،وزراء کا کہنا تھا کہ دوران ملاقات آصف زرداری سندھ میں رینجرز کو دیئے گئے اختیارات واپس کرنے کیلئے کہیں گے اس طرح فوج اور حکومت کے درمیان تناؤ کا خدشہ ہو سکتا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے آصف زرداری کو وزیر اعظم سے ملاقات کرنے سے منع کیا ہے۔