قرآن و سنت پر عمل سے دوری کی وجہ سے امت مسلمہ ذلت اور سختی کا شکار ہے‘ امام کعبہ،گروہی اختلافات اور کفار کی سازشوں نے مسلمان ملکوں کے اندر آگ اور خون کی جنگ شروع کر رکھی ہے، الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس

بدھ 17 جون 2015 08:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 جون۔2015ء) امام کعبہ و شئوون الحرمین کے چیئرمین الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ قرآن و سنت پر عمل سے دوری کی وجہ سے امت مسلمہ ذلت اور سختی کا شکار ہے۔ گروہی اختلافات اور کفار کی سازشوں نے مسلمان ملکوں کے اندر آگ اور خون کی جنگ شروع کر رکھی ہے۔ اغیار کے ایجنٹ مٹھی بھر دہشت گرد اسلام کو دہشت گردی کے ذریعے دنیا بھر میں بدنام کرنے میں مصروف ہیں۔

صد افسوس بیگانوں کے ساتھ اپنے بھی اغیار کے ایجنٹ بن کر بے گناہ مسلمان بچوں اور عورتوں کے قتل عام میں شریک ہیں۔ پاک سعودیہ دوستی ملکوں کی نہیں بلکہ دو بھائیوں کا شتہ ہے جسے کاٹنے والے قیامت تک کامیاب نہیں ہو سکتے۔ اس امر کا اظہار ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مکہ مکرمہ میں معروف اسلامی چینل پیغام ٹی وی کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر سینیٹر ساجد میر اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ایم این اے کو پیغام چینل کی خدمات پر شیلڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا ابو تراب علی محمد اور مولانا عبدالمالک مجاہد بھی موجود تھے۔ امام کعبہ نے کہا کہ ساجد میر اور ان کی جمعیت کے ہوتے ہوئے پاک سعودی تعلقات میں دنیا کی کوئی طاقت رخنہ اندازی نہیں ڈال سکتی۔ انہوں نے واضح الفاظ میں اس بات کی نفی کی کہ حالیہ یمن بحران کی وجہ سے پاک تعلقات میں خلیج پڑ چکی ہے۔ امام کعبہ نے کہا کہ ہر ملک کے اندرونی مسائل اور معاملات ہوتے ہیں لیکن جس طریقے سے ساجد میر اور ان کی جمعیت نے سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے ہمارے اور خادم حرمین الشریفین کے پاس شکریہ کے الفاظ نہیں ہیں۔

ہم محسنوں کے قیامت تک قدردان ہیں۔ امام کعبہ نے کہا کہ میانمار میں جس طرح خون مسلم کی ارزانی ہے اس پر امت مسلمہ کو متحد ہو کر ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان داعش حوثی بوکو حرام سبھی خوارج ہیں جن کا قلع قمع از حد ضروری ہے سبھی اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔ ساجد میر نے کہا کہ حرمین شریفین پر ہم نسلیں قربان کر دیں گے۔ باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی کارروائی بروقت اقدام ہے۔ پاک سعودی تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گئے ہیں ہم ایوانوں اور میدانوں میں خادم حرمین شریفین کے کھلے حمایتی ہیں۔