پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) میں اختلافات شدت اختیار کر گئے،(ق) لیگ کا سینیٹ میں آزاد بنچز پر بیٹھنے کا فیصلہ ،آصف زرداری نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ دینے کا وعدہ پور ا نہیں کیا، ق لیگ کا شکوہ ،آصف زرداری کا ق لیگ کی قیادت سے رابطہ ،تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

بدھ 17 جون 2015 08:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 جون۔2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) میں اختلافات شدت اختیار کر گئے،مسلم لیگ (ق) نے سیاست میں پیپلز پارٹی سے راہیں جدا کرتے ہوئے سینیٹ میں آزاد بنچز پر بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا ،آئندہ چند روز میں چیئرمین سینٹ کو باقاعدہ درخواست دی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی قیادت پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے رویے سے انتہائی خائف ہیں ،ق لیگ کا موقف ہے کہ آصف زرداری نے ہم سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے ،آصف زرداری ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدہ کیلئے (ق) لیگ کو دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم انہوں نے وعدہ خلافی کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کو ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا عہدہ دیدیا ۔

اس لئے سینیٹ انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ق) نے پیپلز پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی اجلاس میں دونوں جماعتیں اکٹھے بیٹھی ہیں اور نہ ہی آئندہ سینیٹ میں ق لیگ اراکین پیپلز پارٹی کے اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے سینیٹ میں آزاد بنچز بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے جلد ہی چیئرمین سینٹ کو درخواست دی جائے گی۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے تاہم مسلم لیگ(ق) کے اراکین آصف زرداری کے جواب سے مطمئن نہیں ہیں ۔