نریندر مودی کا نواز شریف کو فون ،ماہ رمضان کی مبارکباد دی،پاک بھارت تعلقات ، بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات اور کشیدگی پر بھی بات چیت ہوئی، پاکستان سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں،نریندر مودی نے پاکستانی ماہی گیروں کی رہائی سے آگاہ کیا ،جان کیری کا بھی وزیراعظم کو ٹیلیفون،وزیراعظم نوازشریف امریکی وزیرخارجہ کا تجارتی اور معاشی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

بدھ 17 جون 2015 08:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 جون۔2015ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف کو فون پر ماہ رمضان کی مبارکباد دی ، پاک بھارت تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، بھارتی وزیراعظم نے منگل کی شام وزیراعظم پاکستان کو فون کیا اور تقریباً پانچ منٹ تک دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو جاری رہی ۔ نریندر مودی نے نواز شریف کو ماہ رمضان کی مبارکباد دی دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک بھارت تعلقات ، بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات اور کشیدگی پر بھی بات چیت ہوئی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی نے رمضان المبارک کی آمد پر جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستانی ماہی گیروں کی رہائی سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو ہمسائیہ ہونے کے ناطے مل جل کر امن سے رہنا چاہیے اور باہمی اختلافات کو امن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دینا چاہیے انہوں نے کہا کہ قوموں کے حکمران گھر کے سربراہ کی طرح ہوتے ہیں اور سربراہ خاندانوں کو لڑائی سے بچا کر امن کی طرف لے جاتے ہیں اور کنبے کی فلاح ہر حال میں سربراہ کو مقدم ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو اختلافات اور جنگ کی زبان کو بھلا کر امن کی طرف آنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ادھروزیراعظم محمد نوازشریف اور امریکی وزیرخارجہ نے تجارتی اور معاشی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرلیا۔منگل کے روز امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے وزیراعظم کو فون کیا دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک امریکہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر امریکی وزیرخارجہ نے امریکی حکومت کی جانب سے وزیراعظم کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو سراہا۔

امریکی وزیر خارجہ نے حکومت پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کیلئے وزیراعظم کی کوششیں قابل تحسین ہیں ،وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کا فروغ چاہتا ہے،وزیراعظم اعظم نے پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ2سال سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ مؤثر پالیسی کے باعث پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مواقع ہیں