پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، رحمن ملک، بھارتی وزیر اعظم جنگی ماحول قائم کرنے کی بجائے امن کیلئے کردار ادا کریں ،پاکستان کے ہر شہر میں غیر ملکی اجنبی پاکستانی نظام کی کمزوریوں اور رشوت و کرپشن کے ذریعے شناختی کارڈ حاصل کرچکے، سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ میں گفتگو، آئندہ اجلاس میں ایگزیکٹ کے معاملات زیر بحث آئیں گے، چیئرمین کمیٹی ، 108 ملین شہریوں کو شناختی کارڈ جاری ہوچکے ہیں، ملک بھر میں 564 اور بیرون ملک 13 رجسٹریشن سنٹر ہیں ،چیئرمین نادرا کی بریفنگ

جمعہ 12 جون 2015 08:36

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 جون۔2015ء)چےئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہاہے کہ پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، بھارتی وزراء کی طرف سے پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز بیانات کی شدید مذمت کی، بھارتی وزیر اعظم نریند ر مودی جنگی ماحول قائم کرنے کی بجائے امن کیلئے کردار ادا کریں ،پاکستان کے ہر شہر میں غیر ملکی اجنبی پاکستانی نظام کی کمزوریوں اور رشوت و کرپشن کے ذریعے شناختی کارڈ حاصل کرچکے، آئندہ اجلاس میں ایگزیکٹ کے معاملات زیر بحث آئیں گے۔

کمیٹی کا دوسرے روزاجلاس جمعرات کو منعقد ہوا جس میں نادرا کے چیئرمین عثمان مبین نے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ 108 ملین شہریوں کو شناختی کارڈ جاری ہوچکے ہیں بائیومیٹرک نظام کے تحت 126 ملین افراد کو چہروں کے ذریعے 770 ملین کی انگلیوں کے نشانات کے ذریعے نشاندہی کی گئی ملک بھر میں 564 رجسٹریشن سنٹر اور بیرون ملک 13 رجسٹریشن سنٹر ہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر رحمن ملک کے سوال کے جواب میں آگاہ کیا کہ 18 سال کی عمر و پہنچنے والے تمام شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کیے گئے اور شناختی کارڈ رکھنے والا ہر پاکستانی شہری ووٹر لسٹ میں بھی شامل ہے بنگلہ دیش، کینیا، سوڈان، نائیجیریا، سری لنکاکے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس، پاسپورٹ وغیرہ کے بین الاقوامی معاہدات کیے گئے ہیں ویزہ کارڈ ، وطن کارڈ کے ذریعے بھی سہولیات فراہم کی گئی ہیں مکمل میرٹ پر عمل کرتے ہوئے اندرون ملک اور بیرون ملک سنٹروں کیلئے 16359 ملازمین بھرتی کیے گئے ہیں ۔

کمیٹی نے ہدایت دی کہ بین الا قوامی معاہدات ، ادئیگیوں کے طریقہ کار ، احتساب کے نظام اور آڈٹ کے بارے میں اگلے اجلاس میں مکمل تفصیل فراہم کی جائے ۔ ڈائریکٹرجنرل ایمگریشن اینڈ پاسپورٹ عثمان باجوہ نے آگاہ کیا کہ آئی اینڈ پی دفاتر پاکستان میں28 بیرون ملک 10 ایم آر پی دفاترا ندرون ملک 67 ،بیرون ملک83 ، جن میں سے 25 کام کر رہے ہیں کل ریجنل دفاتر کی تعداد 95 ہے ۔

اخراجات کے مقابلے میں محصولات کم ہیں 2003-4 سے آج تک تقریباً3 کروڑ پاسپورٹ جاری کیے جاچکے ہیں 11 پرنٹرز اور 11 لیمینٹرز کے ساتھ روزانہ 5 ہزار پاسپورٹ جاری کرنے کی صلاحیت ہے 8628 غیرملکیوں کے پاسپورٹ منسوخ کیے جاچکے ہیں ۔کچھ بلیک لسٹ غیر ملکیوں کے پاسپورٹ بھی غیر فعال کیے گئے ادارے کو فنڈز کی کمی کا شدید سامنا ہے اگلے مالی سال میں 17 سو ملین مانگے گئے بجٹ میں سے 998 ملین جاری کیے گئے ہیں 588 ملین پرنٹنگ کارپوریشن کے بقایا جات ادا کرنے ہیں ماہانہ اخراجات 12 ملین ہیں جن میں 9 فارن مشنز کے اخراجات بھی شامل ہیں لیکن وزارت خزانہ کی طرف سے سالانہ 10 ،12 ملین جاری کیے رہے ہیں 33.895 پاسپورٹ پرنٹنگ کے مراحل میں ہیں 12800 پاسپورٹ درخواستیں نادرا سے تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے ختم کر دی گئیں ۔

سینیٹر محمدعلی سیف نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح جدید نظام کے ذریعے شناختی کارڈ پر بیرون ملک سفر اور ویزہ کی سہولت دے دینی چاہیے تاکہ پاسپورٹ کے صفحات کی پرنٹنگ پر اخراجات کم ہوں ۔سینیٹرڈاکٹر جہانزیب جمال دینی نے کہا کہ شناختی کارڈ حاصل کرنے کے نظام کو مشکل سے مشکل تر بنایا جائے گا تاکہ غیر ملکی اجنبی پاکستانی شناختی کارڈ حاصل نہ کرسیکں ڈی سی او اور یونین کونسل کے ممبر کی تصدیق سے شناختی کارڈجاری ہوجاتا ہے بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں غیر ملکی اجنبیوں کی تعدا لاکھوں میں جنہیں سیاسی اور مذہبی جماعتیں اپنی اولادیں قرار دے رہی ہیں غیر ملکی اجنبیوں کی وجہ سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مردم شماری کرنا مشکل ہوگیا ہے ایران کی طرح شناختی کارڈ حاصل کرنے کا سخت ترین نظام اپنایا جائے ایران میں سخت نظام کی وجہ سے 2 فیصد غیر ملکی اجنبی شناختی کارڈ حاصل نہیں کر سکے اور پاکستان کے ہر شہر میں غیر ملکی اجنبی پاکستانی نظام کی کمزوریوں اور رشوت و کرپشن کے ذریعے شناختی کارڈ حاصل کرچکے ۔

سینیٹر شبلی فراز نے گزشتہ 20 سال سے رکی ہوئی مردم شماری مکمل کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور نادرا اور پاسپورٹ ایمگریشن دفاتر میں مزید سہولیات کی فراہمی کی تجویز دی چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر رحمن ملک نے پاکستانیوں کی غیر ملکی خواتین سے شادیوں کی وجہ سے شناختی کارڈ اورپاسپورٹ کے معاملات میں مشکلات ختم کرنے کی ہدایت دی ۔سیکرٹری داخلہ شاہد خان نے آگاہ کیا کہ نادرا کا ڈیٹا محفوظ تر ہے نظام کو ہیگ نہیں کیا جاسکتا مردم شماری کیلئے نادرا ریکارڈ سے مدد لی جاسکتی ہے ۔

کمیٹی کے اجلاس میں بیرون ملک پاکستانیوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جلد حاصل کرنے کیلئے نادرا طرز پر ڈائریکٹرجنرل پاسپورٹ و ایمگریشن کے دفتر میں بھی پرنٹنگ مشینیں لگانے کی تجویز دی گئی اور ڈائریکٹرجنرل پاسپورٹ و ایمگریشن کے مالی معاملات کے حل کیلئے جلد از جلد فنڈز جاری کرنے کے لئے سیکرٹری خزانہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔کمیٹی کے اجلا س میں آگاہ کیا گیا کہ ناروے ، جرمنی ، امریکہ اور دوسرے ممالک میں رہائش پذیر 1663 پاکستانیوں نے ان ممالک کی شہریت حاصل کر لی ہے ۔

کمیٹی کے جمعہ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں ایگزیکٹ کے معاملات زیر بحث آئیں گے ۔کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز شبلی فراز، جہانزیب جمال دینی،جاوید عباسی،محمد علی سیف،کرنل (ر)طاہر حسین مشہدی،اعجاز دھامرا،کے علاوہ سیکرٹری داخلہ شاہد خان، چیئرمین نادار عثمان مبین ، ڈائریکٹرجنرل پاسپورٹ و ایمگریشن عثمان باجوہ ، چیف کمشنر ذوالفقار حیدر کے علاوہ وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔