آئندہ سال زرمبادلہ کے ذخائر19ارب ڈالرکی ریکارڈسطح پرلے جائیں گے، اسحاق ڈار،حکومت میں آتے ہی 32اداروں کے سیکرٹ فنڈزختم کئے ،اسلامک بینکنگ کے فروغ کیلئے قائم کمیٹی کام کررہی ہے،حکومت اور فوج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک پیج پرہیں، پوسٹ بجٹ کانفرنس2015-16میں خطاب

جمعہ 12 جون 2015 08:17

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 جون۔2015ء)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہاہے کہ آئندہ سال زرمبادلہ کے ذخائرکو19ارب ڈالرکی ریکارڈسطح پرلے جائیں گے،حکومت میں آتے ہی ملک کے 32اداروں کے سیکرٹ فنڈزختم کئے ،اسلامک بینکنگ کوفروغ دینے کیلئے ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک کی نگرانی میں کمیٹی بنائی ہے جواس پرکام کررہی ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈمینجمنٹ اکاوٴنٹس (آئی سی ایم اے)کی طرف سے پوسٹ بجٹ کانفرنس2015-16میں خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے دوچیزیں ضروری ہیں ایک سیکورٹی اوردوسراتوانائی ،پا ک فوج نے فاٹامیں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم کردی ہیں حکومت اور فوج ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک پیج پرہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ توانائی کے بحران کوختم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پرکام کررہے ہیں اور2017تک ایل این جی سے 3000میگاواٹ بجلی پیداکرکے سسٹم میں شامل کردیں گے ،جس کیلئے بجلی کابحران ختم ہوجائے گا،وزیرخزانہ نے مزیدکہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ہمسائیہ ممالک کوتکلیف ہورہی ہے جوسمجھ سے بالاترہے اس سے نہ صرف چین اورپاکستان کی ترقی کریں گے ،بلکہ پورے ریجن میں ترقی ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ فاٹاکے عارضی بے گھرافرادکی واپسی کاعمل شروع ہوگیاہے ۔جن کی دوبارہ بحالی کیلئے82 ارب روپے درکارہیں ہم پرامیدہیں کہ ان کے گھروں کودوبارہ آبادکریں گے پاک ایران گیس پائپ لائن پرانہوں نے کہاکہ ایران کی طرف سے پائپ لائن بچھائی جاچکی ہے ،پاکستان ایران پرپابندی ختم ہونے کے فوری بعداپنے وسائل سے پاکستان میں پائپ لائن کی تعمیرشروع کردین گے ۔وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہاکہ ملک میں اسلامک بینکنگ کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ،اس حوالے سے ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک کی زیرنگرانی ایک کمیٹی بنائی ہے جوکام کوجلدازجلدمکمل کرکے سفارشات دیگی۔