خیبرپختونخوا ،98 فیصد پولنگ سٹیشنز کے فارم 15 غائب ہونے کا انکشاف،جن حلقوں سے تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوئے وہاں بیشتر پولنگ اسٹیشنز سے فارم 15نہیں ملا،جوڈیشل کمیشن میں ریکارڈ پیش

جمعرات 11 جون 2015 08:45

سلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارآن لائن۔11 جون۔2015ء)پنجاب ،سندھ کے بعداب کے پی کے میں فارم 15کی گمشدگی سامنے آگئی جس کے تحت دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کے خیبرپختونخوا سے کامیاب ہونیوالے اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں کے اٹھانوے فیصد تک پولنگ سٹیشنز کے فارم پندرہ غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قائم انکوائری کمیشن میں ریکارڈ پیش کیا گیا ہے جس کے مطابق خیبر پختونخوا سے کامیاب تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں میں پولنگ سٹیشنز کے فارم 15 غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مجاہد علی کے حلقہ 11 میں 95 فیصد پولنگ سٹیشنز سے فارم 15 نہیں ملے۔ 251 پولنگ سٹیشنز میں 247 میں فارم 15 غائب ہے۔ علی محمد کے حلقہ 10 مردان کے 253 پولنگ سٹیشنز میں سے 251 کے فارم 15 نہیں مل سکے ، اس طرح 98 فیصد پولنگ سٹیشنز سے فارم 15نہیں ملا ، شاہ محمود قریشی کے حلقہ 150 میں 46 فیصد پولنگ سٹیشنز کے فارم 15 نہیں مل سکے۔

(جاری ہے)

286 میں سے 133 پولنگ سٹیشنز کے فارم 15 غائب ہے۔ خیل زمان کے حلقہ این اے 16 کے 159 میں سے 60 پولنگ سٹیشنز کے فارم 15 گم ہیں۔ انجینئر داوڑ خان کے حلقہ این اے 25 میں صرف 30 فیصد پولنگ سٹیشنز سے فارم 15 ملا ہے اور 308 میں سے 216 پولنگ سٹیشنز سے فارم 15 غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ امیر اللہ کے حلقہ این اے 27 کے 254 میں سے 59 سے فارم 15 نہیں مل سکا ، مراد سعید کے حلقہ 29 میں 45 فیصد پولنگ سٹیشنز سے فارم 15 ملا ہے جبکہ 321 میں سے 162 پولنگ سٹیشنز کے فارم پندرہ غائب ہے۔ پی ٹی آئی کے ایم این اے سلیم رحمان کے حلقہ 30 کے 296 پولنگ سٹیشنز میں سے 251 میں فارم پندرہ نہیں ہے۔