خیبر پختونخوا میں دوبارہ بلدیاتی الیکشن کرانا گڈی گڈے کا کھیل نہیں،چیف الیکشن کمشنر، عمرا ن خا ن دو با رہ الیکشن میں کو نسا تیر ما ر لیں گے ،ری الیکشن کی بات کرنے والوں کا علاج کریں گے،بلدیاتی الیکشن کے دوران پولیس نے آنکھیں بند اورچند سیاستدانوں کے ہاتھوں میں کھیلتی رہی،صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس ناکام رہی، نوکری اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے ،کسی خٹک ،بنگش اور سید کے ہاتھ میں نہیں، چیف الیکشن کمشنر کے نوشہرہ میں دھاندلی کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس،اے این پی نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے بھائی کیخلاف دھاندلی کے ثبوت چیف الیکشن کمشنر کو پیش کر دیئے،چیف الیکشن کمشنر نے تمام آراوز طلب کرتے ہوئے مزید سماعت آج تک ملتوی کر دی

بدھ 10 جون 2015 08:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جون۔2015ء)چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان خیبر پختونخوا کی پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی الیکشن کے دوران پولیس نے آنکھیں بند کر رکھی تھیں،دوبارہ بلدیاتی الیکشن کرانا گڈی گڈے کا کھیل نہیں، عمرا ن خا ن دو با رہ الیکشن میں کو نسا تیر ما ر لیں گے ،ری پولنگ کی بات کرنے والوں کا علاج کریں گے، نوکری اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے ،کسی خٹک ،بنگش اور سید کے ہاتھ میں نہیں۔

منگل کے روز ضلع نوشہرہ میں بلدیاتی الیکشن کے دوران دھاندلی کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی صدارت میں کیس کی سماعت ہوئی جس میں اے این کے رہنمازاہد خان اور شاہی سید پیش ہوئے جبکہ ڈی پی او اور ڈی سی او نوشہرہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اے این پی نے نوشہرہ میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک کے بلدیاتی الیکشن کے دوران دھاندلی،جعلی سٹمپ اور دیگر ثبوت الیکشن کمیشن میں پیش کر دیئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے دوران سماعت سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران پولیس امن وامان کو برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے ،پولیس نے امن و استحکام کیبجائے سیاست دانوں کے ہاتھوں میں کھیلتی رہی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں بلدیاتی الیکشن دوبارہ کرانے والوں کا علاج کریں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں این اے246 ضمنی الیکشن کے دوران سندھ پولیس نے الیکشن کمشنر کا بھر پور ساتھ دیا ہے جس کی وجہ سے وہاں پرامن اور صاف وشفاف الیکشن ہوئے لیکن خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن کے دوران پولیس نے الیکشن کمیشن کا بالکل بھی ساتھ نہیں دیا بلکہ سیاست دانوں کے ہاتھوں کھیلتی رہی۔

بلدیاتی الیکشن کوئی بچوں کا کھیل نہیں ہے جس کے دل میں جو آتا ہے کہہ دیتا ہے،صوبے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا،ہمیں سخت تشویش ہے کہ خیبر پختونخواہ کی پولیس نے آنکھیں بند کیوں کر رکھی تھیں اور صوبے میں امن وامان کی صورت حال برقرار کیوں نہیں رکھ سکی،بلدیاتی الیکشن کے دوران پولیس چند سیاست دانوں کے ہاتھوں میں کھیلتی رہی ہے،انہوں نے کہا کہ صوبے میں دوبارہ ری الیکشن کوئی گڈے گڈی کا کھیل نہیں ہے ایسی باتیں کرنے والوں کا علاج کریں گے، نوکری اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے ،کسی خٹک ،بنگش اور سید کے ہاتھ میں نہیں ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید سماعت آج تک ملتوی کرتے تمام آراوز کو طلب کر لیا ہے اور فریقین سے دھاندلی کے حوالے سے مزید شواہد بھی مانگ لئے۔