وزیراعظم کا روہنگیا مسلمانوں کیلئے 50 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان،خصوصی کمیٹی کی سفارشات منظور، خوردنوش کی اشیاء اقوام متحدہ کے ذریعے روہنگیا مسلمانوں کو دی جائیں گی،اعلامیہ

بدھ 10 جون 2015 08:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 جون۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے روہنگیا مسلمانوں کیلئے 50 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کردیا ہے‘ منگل کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے روہنگیا کے مسلمانوں کے قتل کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کی سفارشات منظور کرلیں۔ اعلامیہ کا کہنا ہے وزیراعظم نے روہنگیا کے مسلمانوں کیلئے پچاس لاکھ ڈالر امداد کی منظوری دی‘ 50 لاکھ ڈالر کے خوردنوش کی اشیاء اقوام متحدہ کے خوراک کے ادارے کے ذریعے روہنگیا کے مسلمانوں کیلئے بھی دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ن اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہان کو روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے خط بھیج دے گا۔ او آئی سی کی تین رکنی ٹیم روہنگیا کے مسلمانوں سے متعلق معاملہ برما کی حکومت سے اٹھایا جائے گا۔ اعلامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اقوام عالم پر زور دے گا کہ برما حکومت کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے حوالے سے معاملے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے تاکہ برما حکومت پر دباؤ بڑھ جائے اور روہنگیا کے مسلمانوں کا قتل عام بند کریں۔