آ ئندہ بلدیاتی انتخابات میں سندھ اور پنجاب سے کارکنان اور نوجوانوں کو انتخابی ٹکٹ دئیے جائیں گے،بلاول بھٹو ، پارٹی کارکنان اور نوجوان نچلی سطح سے رہنمائی کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار رہیں ، منتخب نمائندوں اور پارٹی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب

منگل 9 جون 2015 08:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جون۔2015ء) پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی پی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں سندھ اور پنجاب سے کارکنان اور نوجوانوں کو انتخابی ٹکٹ جاری کرے گی، انہوں نے پارٹی کارکنان اور نوجوانوں سے کہا کہ نچلی سطح سے رہنمائی کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار رہیں ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری پیر کے روز بلاول ہاؤس میں دادو سے تعلق رکھنے والے پی پی پی کے منتخب نمائندوں اور پارٹی کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

اجلاس میں پی پی پی ڈسٹرکٹ دادو کے رہنما ورکن قومی اسمبلی رفیق جمالی، عمران ظفر لغاری ، صوبائی رکن اسمبلی غلام شاہ جیلانی ، فیاض بُٹ، پیر مجیب الحق، سجیلا لغاری، کلثوم چانڈیو اور دیگر شریک تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تیاری کے ساتھ ساتھ ضلع دادومیں ترقیاتی کاموں پر غوروخوص کیا گیا ۔ پی پی پی کی قیادت نے کہا کہ گزشتہ بلدیاتی الیکشن پی پی پی اپوزیشن کے طور پر لڑی تھی اور اس نے کبھی بھی پولیس اور دوسری انتظامی مشینری کو استعمال نہیں کیا۔

سندھ حکومت سے کہا گیا کہ وہ آئندہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے دھاندلیوں کو روکنے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے قدم اٹھائے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن میں ڈویژنل سطح پر مرحلہ وار بلدیاتی الیکشن کرانے کی گزارش کی ہے ۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس میں ایک شکایتی سیل قائم کرنے کی ہدایت کی جہاں کارکنان اپنی شکایات بھیج سکیں گے۔اجلاس میں بختاور بھٹو زررداری ، شیری رحمن اور جمیل سومرو بھی موجود تھے