اکرم شیخ کا قانون شکن رویہ ، ائیرپورٹ کا عملہ مشکل سے دوچار ہو گیا،سینئر قانون دان نے تصویر بنوانے، ہوٹل پر چائے کا بل ادا کرنے سے بھی انکار کردیا ،ذرائع،ایف آئی اے اور سیکورٹی عملے کی مداخت اور بحث کے بعد تصویر بنوائی اور بل ادا کیا

پیر 8 جون 2015 08:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جون۔2015ء) سینئر قانون دان اکرم شیخ کے قانون شکن رویئے نے اسلام آباد ائیرپورٹ کے سیکورٹی عملے کو مشکل سے دوچار کردیا ۔ اکرم شیخ نے پہلے تصویر بنوانے اور بعد میں ہوٹل پر چائے کے پیسے ادا کرنے سے بھی انکار کردیا اور کہا کہ مجھے استثنیٰ حاصل ہے ،مشہور قانون دان نے فلائٹ نمبر ای کے۔ 615سے دوپہر تین بجے دبئی راونہ ہونا تھا ۔

خبر رساں ادارے کو ائیر پورٹ ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق سینئر قانون دان اکرم شیخ کے ہاتھوں قانون شکنی کے واقعہ نے سیکورٹی عملہ کو مشکل سے دوچار کردیا ۔گزشتہ روز ائیر پورٹ پر سینئر قانون دان اکرم شیخ نے ایف آئی اے کی ہدایات کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے بیرون ملک سفر کے دوران تصویر بنانے سے انکار کردیا اور موقف اختیا رکیا کہ وہ مشہور شخصیت ہیں انہیں استثنیٰ حاصل ہے تاہم ایف آئی اے حکام کی جانب سے مداخلت اور طویل بحث کے بعد تصویر بنوائی گئی تاہم اسی دوران دوسرا واقعہ نے بھی غیر معمولی صورت حال پیدا کردی جب ائیر پورٹ کے اندر نجی ہوٹل سرینا میں چائے پینے کے بعد قانون دان اکرم شیخ نے پیسے ادا کرنے سے بھی انکار کردیا اور کہا کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہیں اور ان کے لیے پیسے ادا کرنا ضروری نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

جس کے بعد کاونٹر عملہ اور سیکورٹی عملہ کی منت سماجت کے بعد پیسے وصول کیے گئے ۔خبر رساں ادارے کے رابطہ کرنے پر اکرم شیخ کے اسسٹنٹ یعقوب کا کہنا تھا کہ عسکری کریڈیٹ کارڈہولڈز کا راول لاؤنج کے ساتھ کاروباری اشتراک کے باعث وہ کھانے پینے کے بل ادا کرنے کے پابند نہیں ہیں دوسرا یہ کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہیں پہلے بھی تصویر بنواتے رہے ہیں کوئی واقعہ ہوا ہو گا تو انہوں نے انکار کیا ہوگا۔