خیبرپختونخو حکو مت کا 9 جون کو اے پی سی بلانے کا اعلان ،اے پی سی میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بد نظمی اور دھاندلی کے الزامات پر غور کیا جائے گا،بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت د ے رہے ہیں ،وزیر اعلی پرویز خٹک

پیر 8 جون 2015 08:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جون۔2015ء)خیبرپختونخو حکو مت نے صوبے میں حالیہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کل 9 جون کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اُنکی حکومت 9 جون کو آل پارٹیز کانفرنس میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دے رہی ہے جس میں الیکشن کمیشن کے زیر انتظام حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بد نظمی اور دھاندلی کے الزامات پر غور کیا جائے گا پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خود بھی ان انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کی ناکامیوں کا شکار ہوئی ہے اور الیکشن میں حصہ لینے والی دوسری سیاسی پارٹیوں کی طرح پی ٹی آئی کو بھی الیکشن کمیشن سے سنگین شکایات ہیں اُنہوں نے کہا کہ یہ حقیقت تسلیم کرنی ہو گی کہ خیبرپختونخوا کے حالیہ بلدیاتی انتخابات اپنے حجم کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ کے غیر معمولی انتخابات تھے جن کیلئے نہ تو الیکشن کمیشن اور نہ ہی مقامی انتظامیہ پوری طرح تیار تھی وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آزادانہ اور شفاف انتخابات کا عزم کررکھا تھا کیونکہ شفاف انتخابات سے ہی کسی پارٹی کو اقتدار کا اخلاقی اور قانونی حق حاصل ہو سکتا ہے اُنہوں نے کہا کہ اسی نظریے کے تحت 9 جون کو اے پی سی طلب کی گئی ہے تاکہ تمام سیاسی پارٹیاں مل جل کر اس مسئلے کا حل نکالیں اُنہوں نے کہا کہ کانفرنس میں دوبارہ انتخابات سمیت جو بھی اتفاق رائے ہو گا پی ٹی آئی کی حکومت اس پر کاربند ہوگی اوریہ اتفاق رائے الیکشن کمیشن کو عمل درآمد کیلئے ارسال کیا جائے گا ۔