بحیثیت قوم دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، قوم کی مدد سے دہشت گردی کا بنیادی انفراسٹرکچر تباہ کر دیا، آپریشن ضرب عضب کا مقصد پاکستان اور خطے میں امن و استحکام لانا ہے،، قوم کی حمایت کے ساتھ آپریشن جاری رہے گا، پاک سری لنکن افواج خطے کے وسیع تر مفاد میں مل کر کام کریں گے،آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سری لنکن آرمی کے افسران سے خطاب

پیر 8 جون 2015 08:49

کولمبو/ راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جون۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، قوم کی مدد سے دہشت گردی کا بنیادی انفراسٹرکچر تباہ کر دیا، آپریشن ضرب عضب کا مقصد پاکستان میں امن و استحکام لانا ہے، قوم کی حمایت کے ساتھ آپریشن جاری رہے گا، پاک سری لنکن افواج خطے کے وسیع تر مفاد میں مل کر کام کریں گے۔

وہ اتوار کو کوئٹہ ملٹری اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے والے سری لنکن آرمی کے افسران سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں پاکستان میں تربیت حاصل کرنے والے سری لنکن فوجی افسران نے استقبالیہ دیا، تقریب میں آمد کے موقع پر سری لنکن آرمی چیف نے جنرل راحیل شریف کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سری لنکا میں تعمیری ملاقاتیں ہوئیں۔ آرمی چیف کے دورے سے پاک سری لنکا عسکری تعلقات مستحکم ہوئے۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ ملٹری اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے والے فوجی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہت خصوصی ہیں، آپریشن ضرب عضب کا بنیادی مقصد پاکستان میں امن و استحکام لانا ہے، قوم کی حمایت کے ساتھ آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ترقی و استحکام کے سفر میں اپنے سری لنکن بھائیوں کے ہم قدم ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سری لنکن فوج کی قربانیاں اور عزم قابل ستائش ہے،سری لنکا کے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی، اندرونی دہشت گردی کے خلاف سری لنکا کا ماڈل بہترین ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو ریاستیں اندرونی خلفشار کا شکار ہوں وہ تباہ ہو جاتی ہیں،بحیثیت قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور سری لنکا کے عزم سے امن آئے گا، دونوں ملکوں نے دہشت گردی کے خلاف ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ دفاعی صلاحیت اور سیکیورٹی معاملات اہمیت کے حامل ہیں، پاک فوج نے دہشت گردی کا نیٹ ورک توڑنے میں کامیابیاں حاصل کیں، پاک سری لنکن افواج خطے کے وسیع تر مفاد میں مل کر کام کریں گے۔