لوئر دیر کے حلقے پی کے 95میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری،12جولائی کو پولنگ ہوگی ،الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی کا عدالت سے رجوع کرنے کا امکان،خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے کی وجہ سے انتخابات کو کالعدم قرار دیا گیا تھا

ہفتہ 6 جون 2015 09:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لوئر دیر کے حلقے پی کے 95میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے ، حلقے میں خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے کی وجہ سے انتخابات کو کالعدم قرار دیا گیا تھا،12جولائی بروز اتوار دوبارہ پولنگ ہوگی ،الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی کا عدالت سے رجوع کرنے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق لوئر دیر کے حلقہ پی کے95پردوبارہ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی15اور 16جون کو جمع کئے جائیں گے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال18اور19جون کو ہوگی26جون کو حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یہ حلقہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے سینیٹر بن جانے کے بعد خالی ہوا تھا اور حلقے پر ضمنی انتخاب کے دوران جماعت اسلامی کے اعزاز الملک افگاری نے کامیابی حاصل کی تاہم حلقے میں خواتین کے ووٹ نہ ڈالے جانے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے از خود نوٹس لئے جانے کے بعد اے این پی اور این جی اوز سے تعلق رکھنے والوں نے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کامطالبہ کیا تھا تمام فریقین کے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کے احکامات جاری کر دئیے تھے تاہم الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی نے عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کئے جانے کا امکان ہے ۔