وفاقی بجٹ مسترد ، ایپکا کا ملک بھر میں تحریک چلانے کا اعلان ،ساڑے سات فیصد تنخواہوں میں اضافہ سنگین مذاق، میڈیکل الاؤنس میں 25فیصد اضافہ صرف 300روپے ماہانہ ہو گا، ہاؤ س رینٹ اور کنوینس الاؤننس میں اضافہ نہیں کیاگیا،، ملک بھرکے سرکاری دفاترزمیں مکمل ہڑتال ، تالہ بندی ،بھوک ہڑتالی کیمپ اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، چوہدری افضل و دیگر کا بیان

ہفتہ 6 جون 2015 09:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء)ملک بھر کے کلرکوں و سرکاری ملازمین کی نمائندہ تنظیم ایپکا نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے ملک بھر میں تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے، ملک بھرکے سرکاری دفاترزمیں مکمل ہڑتال ، تالہ بندی ،بھوک ہڑتالی کیمپ اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین چوہدری محمدافضل، مرکزی صدر منیراحمد بلوچ، مرکزی جنرل سیکرٹری سید فدا اصغر، مرکزی رہنماچوہدری غلام رسول وڑائچ،قاری تاج محمد،مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اسلم قریشی،سندھ کے صدر ناصر حسین بھٹی‘ سیکریٹری جنرل میاں جاوید کمبوہ ‘ صوبائی صدرپنجاب محمدسلطان مجددی،صوبائی سیکریٹری جنرل وڈویژنل صدرلاہور چوہدری عبدالشکور نے مشترکہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

ایپکا رہنماوٴں نے اسے ملازمین کا قاتلا نہ بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ساڑے سات فیصد تنخواہوں میں اضافہ سنگین مذاق ہے اور میڈیکل الاؤنس میں 25فیصد اضافہ صرف 300روپے ماہانہ ہو گا۔ جبکہ ہاؤ س رینٹ اور کنوینس الاؤننس میں اضافہ نہیں کیاگیا جو کہ2008کے پے سکیل کے مطابق ہی ملیں گے ۔ایپکا کامطالبہ تھا کہ تمام ایڈہاک ریلیف الاؤنسز کو بنیادی تنخواہوں میں ضم کر کے نئے پے سکیل بنائے جائیں مگر ایسا نہیں کیا گیابلکہ پچھلے دوسال کے ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا گیا ہے۔

تمام کیڈر کے ملازمین کی اپ گریڈیشن نہیں کی گئی ۔ امراء اور تاجروں کو بجٹ میں مراعات /سہولیات دی گئی ہیں۔روز مرہ کے استعمال کی چیزوں پر ٹیکس لگاکر غریب عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ خود کشیوں پر مجبورہوں گے۔مہنگائی سے عوام پہلے ہی پریشان ہے ، حکومت غربت مکاؤ مہم نہیں بلکہ غریب مکاؤ مہم پر عمل پیرا ہے۔تعلیم کے بجٹ میں اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ وزیر خزانہ نے کہا کہ تعلیم کے بجٹ میں4فیصد اضافہ 2018میں کیا جائے گا۔

صحت کے بجٹ میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔جبکہ ترقیاتی فنڈ ز میں بے تہاشا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کمیشن اور کرپشن کی جا سکے۔ لہذا ایپکا نے اس ظالمانہ بجٹ کو ملکی تاریخ کا سیاہ ترین بجٹ قراردے دیتی ہے ۔چوہدری محمد افضل نے ایپکا کی سنٹرل کمیٹی کاہنگامی اجلاس لاہور میں طلب کر لیاجس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :