دہشت گردی کے خاتمے کیلئے چاروں صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا ،شہباز شریف ، روزگار تعلیم ، صحت و عوامی مسائل کے حل کی گولی دینا ہوگی، گذشتہ سال ملکی تاریخ کی سب سے بڑی گھناوٴنی سازش ناکام ہوئی،اب 2018 ء عام انتخابات میں ہوں گے، عوام جسے منتخب کریں گے وہ حکومت کرے گا، گورنر ور وزیر اعلیٰ سندھ کو اسلام آباد راولپنڈی میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے ،این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ چاروں صوبے مل کر حل کریں گے ۔ پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات ہوں گے ،مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنماوٴں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 4 جون 2015 08:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جون۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی اور بجلی بڑے مسائل ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیں روزگار تعلیم ، صحت اور عوامی مسائل کے حل کی گولی دینا ہوگی ۔ گذشتہ سال ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی گھناوٴنی سازش ہوئی ۔ اللہ تعالیٰ نے اس سازش کو ناکام بنا دیا اب 2018ء میں انتخابات ہوں گے عوام جس کو منتخب کریں گے وہ حکومت کرے گا ۔

گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کو اسلام آباد تا راولپنڈی میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب منصوبے میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ چاروں صوبے مل کر حل کریں گے ۔ پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پنجاب ہاوٴس کراچی میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنماوٴں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینیٹر سلیم ضیاء ، اسماعیل راہو ، شاہ محمد شاہ ، خواجہ طارق نذیر ، آصف محمد خان اوردیگر موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ طویل عرصے بعد کراچی آیا ہوں ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے دعوت کی ، جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف ملکی مسائل پر بات چیت ہوئی ، جن میں بجلی کا بحران بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو دہشت گردی کا سامنا ہے ۔ اس بحران پر بھی بات ہوئی ۔ میں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں سندھ میں جو بہتری پیدا کی ہے ، اس سے ہمیں آگاہ کریں اور پنجاب میں جو کچھ ہم کر سکے ہیں ، اس کے بارے میں ہم آگاہ کریں گے تاکہ دونوں صوبوں کے درمیان روابط مضوط ہو سکیں اور ایک دوسرے کی بہتری سے فائدہ اٹھایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو سانحہ صفورا گوٹھ کے ملزمان کی گرفتاری پر مبارکباد دی ہے ۔ یہ اہم پیش رفت ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جب تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو گا اس وقت تک ملک ترقی کر سکے گا اور نہ ہی امن کا گہوارا بنے گا ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں ۔ اس وقت عوامی اور عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک صف میں کھڑی ہے ۔

چاروں صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا ۔ تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکے ۔ ضرب عضب بھی جاری ہے ۔ ہم دہشت گردی کا خاتمہ ، غربت کے خاتمے ، بہتر تعلیمی سہولیات ، عوامی مسائل کے حل ، صحت کے سہولیات کی فراہمی بے روزگاری کے خاتمے اور انصاف کی گولی کے ذریعہ کر سکتے ہیں ۔ اس کے لیے سب کو متحد ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اس وقت دن رات محنت کر رہے ہیں ۔

چین ہمارا بہترین دوست ہے ۔ اللہ کا شکر ہے کہ چین نے ہمیں 43 ارب ڈالر کا اقتصادی پیکیج دیا اور چین نے اس پیکیج کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان اور 18 کروڑ عوام پر اعتماد کیا ۔ 43 ارب ڈالر میں سے 33 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں کے لیے ہے ۔ سندھ میں توانائی کے مختلف شعبوں میں 10 ارب ڈالر خرچ ہوں گے ، جس میں کول ، ونڈ پاور ، شمسی توانائی اور دیگر منصوبے شامل ہیں ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چاروں صوبے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر مل کر پاکستان ہیں ۔ اجتماعی ترقی ہو گی تو پاکستان کی ترقی سمجھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کا منصوبہ صرف دو شہروں کا نہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے ۔

پورے ملک کے لوگ یہاں رہتے ہیں ۔ یہ عالمی معیار کا منصوبہ ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے شاہ صاحب سے درخواست کی ہے کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کے مسائل حل کریں گے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایک صاحب گذشتہ سال دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے تھے ۔ اب جب بلدیاتی انتخابات کرائے تو انہیں خود اندازہ ہوا کے دھاندلی کسے کہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی کا معاملہ جلد چاروں صوبے مل کر حل کریں گے ۔ ایک سال کے لیے سب کی مشاورت سے معاملے کو موخر کر دیا ہے ۔ پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات ہوں گے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گذشتہ سال ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی گھناوٴنی جمہوری قوتوں کے خلاف سازش کی گئی ، جو ناکام ہوئی ۔ انشاء اللہ اب عام انتخابات 2018ء میں ہوں گے ۔ جسے عوام منتخب کریں گے ، وہی حکومت کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بول ٹی وی کے معاملے میں ہماری حکومت نے کچھ نہیں کیا ہے ۔ جو رپورٹیں سامنے آئی ہیں ، بول ہے یا ڈھول اس کو خود انہوں نے گول کیا ہے