تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں کا عمران خان سے رابطہ،علی امین گنڈا پور سے صوبائی وزارت سے استعفے لینے کا مطالبہ،علی امین پارٹی کی بدنامی کا باعث بنے ،کارکنوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے،مستقبل میں پارٹی کے اندر ایسے واقعات روکنے کیلئے فوری کارروائی کی جائے ،پارٹی رہنما

بدھ 3 جون 2015 08:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جون۔2015ء)تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں نے صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کی بلدیاتی الیکشن کے دوران دھاندلی کرنے اور پولیس کو دھمکیاں دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور چیئرمین پارٹی عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ علی امین گنڈا پور سے فوری طور پر صوبائی وزارت سے استعفے لیا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما ؤں نے بلدیاتی الیکشن کے دوران ایک سینئر رہنما اور صوبائی وزیر کی جانب سے دھاندلی کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے،اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے رابطہ کیا ہے اورکہا ہے کہ صوبائی وزیر کی اس حرکت پرپارٹی کی بدنامی ہوئی ہے اور کارکنوں کے اندر تشویش پائی جاتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ملک میں صاف وشفاف الیکشن کرانا تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے اوراس حوالے سے پارٹی نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اورعام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر 128 دن دھرنا دیا ہے،پارٹی رہنماؤں نے عمران خان سے کہا کہ صوبائی وزیر علی امین نے دھرنے کے دوران ایک سرگرم کارکن کی حیثیت سے کردار ادا کیا ہے جس کو پارٹی کے اندر سراہا گیا تھا تاہم بلدیاتی الیکشن کے دوران صوبائی وزیر نے خود دھماندلی میں ملوث پائے جو پارٹی کیلئے باعث تشویش ہے،علی امین نے نہ صرف پارٹی منشور کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ اس سے ملک بھر میں پارٹی کی بدنامی بھی ہوئی ہے،ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں نے عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ علی امین گنڈا پورسے فوری طور پر صوبائی وزارت سے استعفیٰ لیا جائے اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو احکامات دیئے جائیں تا کہ مستقبل میں تحریک انصاف کا کوئی کارکن پارٹی کے منشورکی خلاف ورزی نہ کرے اور نہ ہی پارٹی کیلئے بدنامی کا باعث بنے۔