عمران خان نے خیبر پختونخوا میں دوبارہ بلدیاتی الیکشن کرانے کی پیشکش کر دی ، اگر بلدیاتی انتخابات ٹھیک نہیں ہوئے تو ہم فوج کی نگرانی میں دوبارہ کرانے کو تیار ہیں،این اے 122 میں دھاندلی کی درخواست کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 3 جون 2015 08:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن نے کہا ہے کہ اگر خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ٹھیک نہیں ہوئے تو ہم فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرانے کو تیار ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرائے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنے بڑے پیمانے پر بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے جتنے بڑے خیبرپختونخوا میں ہوئے۔

انہیں اس بات پر بڑا افسوس ہوا کہ جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں نے دھاندلی کا الزام لگایا۔ اگر سیاسی جماعتیں کہیں تو ہم پورے صوبے میں فوج کی نگرانی میں بھی دوبارہ انتخابات کرانے کے لئے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے، اگر بلدیاتی انتخابات میں بدنظمی ہوئی ہے تو اسے اپنی ذمہ داری قبول کرنی چاہیئے۔

(جاری ہے)

عام انتخابات میں ایک ووٹر کو دو ووٹ ڈالنے تھے لیکن بلدیاتی انتخابات میں ایک ووٹر کو 7 ووٹ ڈالنا تھے، اس لئے انہیں وقت ہی نہیں ملا جس کی وجہ سے بد نظمی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیوں کی آئینی مدت 5 سال ہے لیکن ہم 2 سال سے دھاندلی پر انصاف کے منتظر ہیں۔ وہ این اے 122 میں ووٹوں کی تصدیق کے لئے نادرا کو 26 لاکھ روپے دے چکے ہیں لیکن اب تک اس کا فیصلہ نہیں آسکا۔ اس لئے وہ اپیل کرتے ہیں کہ این اے 122 پر درقواست کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی کا کام شفاف الیکشن کرانا تھا۔ عمران خان نے ایک بار پھر چیئرمین نادرا کی بیرون ملک روانگی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بتایا جائے وہ اس موقع پر بیرون ملک کیوں چلے گئے۔