عوام پر پٹرول بم،حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ،پٹرول3.50روپے،ہائی اوکٹین 3روپے50پیسے، ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت 3 روپے 51 پیسے ،مٹی کا تیل3.50روپے مہنگا

پیر 1 جون 2015 08:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 جون۔2015ء)وفاقی حکومت نے عوام پر پٹرول بم گراتے ہوئے آج(یکم جون) سے پٹرول3.50روپے،ہائی اوکٹین 3روپے50پیسے، ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت 3 روپے 51 پیسے ،مٹی کا تیل3.50روپے مہنگا کردیا گیا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اوگرا کی سمری پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جب کہ وزیراعظم نے تمام بوجھ صارفین کو منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث حکومت پٹرولیم مصنوعات پر6ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے تمام بوجھ صارفین پر منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،حکومت6ارب روپے سبسڈی دے گی۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ نے کہا کہ اوگرا نے پٹرول کی قیمت6.80،ڈیزل7.91 اور مٹی کا تیل6.53روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سمری ارسال کی تھی لیکن وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تمام بوجھ صارفین پر منتقل نہ کیا جائے،وزیراعظم کی ہدایت پر حکومت نے پٹرول کی قیمت میں3.50روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔

پیٹرول کی قیمت 3 روپے 50 پیسے اضافے کے بعد 77 روپے 79 پیسے اور ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت 3 روپے 51 پیسے اضافے کے بعد 87 روپے 12 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جب کہ ہائی آکٹین کی قیمت 3 روپے 50 پیسے اضافے کے بعد 83 روپے 81 پیسے اور مٹی کا تیل 3 روپے 50 پیسے اضافے کے بعد 64 روپے 94 پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔نئی قیمتوں کا اطلاق را ت 12بجے کے بعد سے ہوگیا ہے ۔