خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ختم لیکن قتل و غارت جاری، بم دھماکوں ، فائرنگ میں 13افراد جاں بحق

پیر 1 جون 2015 08:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 جون۔2015ء) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ختم ہوگئے مگر قتل و غارت کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز کامیاب امیدواروں کے جلوس،گھروں پر حملوں میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ ٹانک کے علاقے کڑی حیدر میں آزاد کونسلر ولی خان کی فتح کے بعد نکالے جانے والے جلوس پر حملہ کیا گیا، دستی بموں اور فائرنگ سے 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کوہاٹ میں بھی کونسلرکے گھرمبارکباد دینے کے لئے آنے والوں پر مخالفین کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے جب کہ نوشہرہ میں تحریک انصاف کے کونسلرکے گھر پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور15زخمی ہوگئے۔ایس ایچ او تھانہ کوتوالی نور حیدر خان کے مطابق ہفتہ کے روز گورنمنٹ گرلز سکول تحصیل گورگٹھڑی کی ٹیچر شبانہ شاہین بلدیاتی انتخابات میں کوہاٹ روڈ کے پولنگ سٹیشن پر پریذائیڈنگ آفیسر کی ڈیوٹی سر انجام دینے کے بعد رات گئے واپس گھر جارہی تھیں کہ گنج چوک میں الیکشن جیتنے کی خوشی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کے دوران ایک گولی شبانہ شاہین کے سر میں آ لگی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئیں جنہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور بعد ازاں نارتھ ویسٹ اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جاں بر نہ ہوسکیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق ٹانک کے گاؤں گرہ شہباز میں پی ٹی آئی کے نومنتخب تحصیل ممبر عظمت شوری کی کامیابی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے پی ٹی آئی کا ایک کارکن ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔