الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو اطمینان بخش قرار دیدیا،دہشت گردی سے متاثرہ صوبے میں انتخابات کے دورا ن امن و امان کی صورتحال بہتر رہی ، دھاندلی کے واقعات کے سدباب کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کئے گئے،من و امان کو یقینی بنانے کیلئے 80ہزار پولیس اہلکاروں اور پاک آرمی کے 35 کمپنیاں پولنگ کے دوران تعینات کی گئی تھیں،الیکشن کمیشن کا اعلامیہ

اتوار 31 مئی 2015 09:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو اطمینان بخش قرار دیدیاہے ،دہشت گردی سے متاثرہ صوبے میں انتخابات کے دورا ن امن و امان کی صورتحال مجموعی طور پر بہتر رہی ہے ،پولنگ سٹیشنوں پر دھاندلی کے واقعات کا سدباب کرنے کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کئے گئے ہیں ،الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ملک میں غیرجانبدار اورشفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی زمہ داری ہے الیکشن کمیشن کو صوبوں اور وفاق میں انتخابی دھاندلیوں سے نمٹنے کے لئے تمام تر اختیارات حاصل ہیں اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کل41762نشستوں پر 84420امیدواروں کے مابین مقابلہ ہواجس کیلئے 11211پولنگ سٹیشنوں میں31059پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے انتخابات سے قبل پولنگ سٹاف کو تمام تر ضروری تربیت فراہم کر دی گئی تھی انتخابات کیلئے 7کروڑ بیلٹ پیپر اسلام آباد اور لاہور کے پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن سے چھاپے گئے تھے مجموعی طور پر امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے 80ہزار پولیس اہلکاروں اور پاک آرمی کے 35 کمپنیاں پولنگ کے دوران تعینات کی گئی تھیں خیبر پختونخوا میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال کے پیش نظرپولنگ سٹاف سیکورٹی فورسز پاک آرمی ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سمیت دیگر اہلکاروں کے فرائض قابل تحسین ہیں بصورت دیگر جہاں کہیں دھاندلی کی شکایات سامنے آئی ہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قانون کے مطابق بروقت کاروائی کی ہے الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے ووٹر خصوصاً خواتین ووٹر ز کو انتخابات میں بھرپور شرکت پر مبارکباد پیش کی ہے ۔