خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات ایک انقلاب ہے،عمران خان،آج خوشی کا دن ہے،عوام نے اپنے روشن مستقبل کیلئے امیدواروں کا چناؤ کر لیا ،دھاندلی کی شکایت موصول ہوئی ہیں،ایک ایک شکایت کی جانچ پڑتال کریں گے،جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ جلد آنا چاہیے،انصاف کی فراہمی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے،چیئرمین نادرہ کا بیرون ملک کا دورہ حیران کن ہے،لگتا ہے چیئرمین نادرہ پر حکومت کا دباؤ بڑھ رہا ہے،چیئرمین تحریک انصاف کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 31 مئی 2015 09:13

میانوالی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن انقلاب ہے،عوام نے اپنے روشن مستقبل کا فیصلہ کر لیا ہے،بلدیاتی الیکشن کے دوران دھاندلی کی شکایات موصول ہوئی ہیں،ایک ایک شکایت کی جانچ پڑتال کریں گے،جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ جلد از جلد آناچاہیے،انصاف کیلئے تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

چیئرمین نادرا کا بیرون ملک کا دورہ ثابت کرتا ہے کہ چیئرمین نادراہ پر حکومت کا دباؤ ہے، ہفتہ کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج کا دن بہت خوشی کا دن ہے،خیبر پختونخواہ میں تبدیلی کی لہرچل پڑی ہے،صوبائی حکومت نے 2 سال بعد عوام کو ان کے حقوق نچلی سطح پر منتقل کرنے جارہی ہے،ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کا اعلان کیا تھا لیکن ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں،ہماری پارٹی کے منشور کے مطابق عوام کو ان کے بنیادی حقوق ملنے جارہے ہیں،خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن ایک انقلاب ہے،صوبے کی عوام نے اپنے شاندار مستقبل کیلئے امید واروں کا چناؤ کر لیا ہے،صوبے میں تبدیلی کی لہر چل پڑی ہے جو پورے ملک میں پھیل جائے گی،عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں مثالی حکومت کر کے دوسروں صوبوں کے لئے ایک نمونہ پیش کریں گے،عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں تا کہ آئندہ الیکشن تک عوام سے جو وعدے کئے تھے پورے کر سکوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن کے دوران ساری صورت حال کی خود مانیٹرنگ کی ہے،صوبے میں دھاندلی کے حوالے سے بہت سی شکایات موصول ہوئی ہیں بلدیاتی الیکشن کے نتائج کے بعد ایک ایک دھاندلی کی شکایت کا نوٹس لیں گے اور جانچ پڑتال کریں گے،شفاف انتخابات ہونے تک ملک میں جمہوریت قائم نہیں ہو سکتی۔ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے چیئرمین نادرہ کے بیرون ملک کے دورہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے،انہوں نے کہا کہ این اے122 میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے ایک اہم کیس ہے اور چیئرمین نادرہ چھٹیاں لیکر بیرون ملک سیر سپاٹے کررہے ہیں،چونکہ این اے122 کا فیصلہ ہونے والا ہے اور عین اس وقت چیئرمین نادرہ کا بیرون ملک دورے پر جانا حیران کن ہے،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چیئرمین نادرا پر حکومت کا دباؤ ہے اس لئے وہ چھٹیوں پر چلے گئے ہیں،ایک اور سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نے45 روز میں فیصلہ کرنا تھا تاہم دھاندلی کے حوالے سے انکوائری کمیشن کی کارروائی جاری ہے ،ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے جلد از جلدفیصلہ کرے،انصاف کی فراہمی میں کسی صورت تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔