الیکشن کمیشن نے کیپٹن صفدر کے خلاف دو درخواستیں نمٹا دیں، دو بلدیاتی اُمیدواران نے کیپٹن صفدر پر مانسہرہ میں لیگی امیدواروں کی انتخابی مہم چلا نے اور ٹرانسفر و بجلی کے کھمبے نصب کروانے کا الزام عائد کیا تھا ،چار رکنی بینچ نے چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ کے دلائل سننے کے بعد درخواستیں نمٹا دیں

جمعہ 29 مئی 2015 08:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2015ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مانسہرہ سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف دو درخواستیں فریقین کے دلائل سننے بعد نمٹا دیں۔ قبل ازیں مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے دو بلدیاتی اُمیدواران نے چیف الیکشن کمشنر کے نام درخواستوں میں الزام عائد کیا تھا کہ کیپٹن محمد صفدر ضلع مانسہرہ میں مسلم لیگ ن کے حامی امیدواروں کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور انہوں نے حلقہ میں ٹرانسفر لگوانے کے ساتھ ساتھ کئی حلقوں میں بجلی کے کھمبے بھی نصب کروائے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے شکایات موصول ہونے کے بعد کیپٹن محمد صفدر کا اظہار وجوہ کا نوٹس دیتے ہوئے الیکشن کمیشن میں پیشی کے لئے طلب کیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس رضا خان کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے سماعت شروع کی تو مسلم لیگ ن کے ممتاز قانون دان چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ نے کیپٹن محمد صفدر کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے الیکشن کمیشن کے روبرو موقف اختیار کیا کہ کیپٹن محمد صفدر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ مانسہرہ میں دیگر شہروں کی طرح وزیراعظم پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر پروگرام کے تحت بجلی اور دیگر سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں جن کا کیپٹن محمد صفدر کی ذات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح ہیسکو مانسہرہ کے دیگر اضلاع کی طرح ہزارہ کے عوام کے مطالبہ پر اپنے طور پر بھی حسب ضرورت ٹرانسفر اور دیگر سہولیات مہیا کرتا ہے ۔

انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ کیپٹن محمد صفدر کو حکومت پاکستان کی جانب سے مانسہرہ کے عوام کو بجلی کی فراہمی کے لئے ٹرانسفرتنصیب کیلئے کوئی فنڈز مہیا نہیں کئے گئے۔ چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کیپٹن محمد صفدر کے خلاف من گھڑت الزامات اُن کی شہرت کو نقصان پہنچانے نیز سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لئے جارہے ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت صوبوں میں شفاف انتخابات نیز ہر حال میں غیر جانبداری کی پالیسی پر گامزن رہنے میں یقین رکھتی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ کے دلائل سننے کے بعد کیپٹن محمد صفدر کے خلاف اظہار وجوہ کے نوٹس نیز اصالتاً حاضری کا حکم ختم کرتے ہوئے دونوں درخواستیں نمٹا دیں۔