بول نشریات کی عارضی معطلی کی درخواست

جمعہ 29 مئی 2015 08:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2015ء) وزارت اطلاعات نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو ایک خط میں کہا ہے کہ ایگزیٹ کمپنی کے خلاف جاری تحقیقات مکمل ہونے تک بول ٹی وی کی نشریات عارضی بند رکھی جائیں۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات محمد اعظم نے جمعرات کو ٹیلی فون پر نجی ٹی وی کو خط بھیجے جانے کی تصدیق کی۔ نیو یارک ٹائمز میں ایگزیکٹ کے خلاف ایک رپورٹ پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایات پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے تحقیقات کا آغاز کر دیاہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو ایگزیٹ کے ڈائریکٹر اور سی ای او شعیب احمد شیخ ، یو اے ای کی ایک کمپنی سمیت سات لوگوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی۔ ایف آئی آر میں درج ساتوں گرفتار لوگ سات جون تک ایف آئی اے کے ریمانڈ میں رہیں گے۔ یہ گرفتاریاں کراچی میں ایگزیٹ کے دفتر سے مبینہ طور پر برآمد ہونے والی کثیر تعداد میں یونیورسٹی ڈگریوں کے بعد سامنے آئیں۔ اس سے پہلے پیر کو وزارت داخلہ اور ایف آئی اے نے اےک خط کے ذریعے امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی سے معاملے کی جانچ میں قانونی معاونت طلب کی تھی۔