بھارت نے اقتصادی راہداری منصوبہ میں رکاوٹوں کیلئے 50 کروڑ مختص کیے ہیں‘ عبدالقادر بلوچ ،ضرب عضب سے پاکستان میں امن پر بھارت کو تکلیف ہورہی ہے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا بھارت سے روشنی کی گنجائش نہیں، جعلی ڈگریوں کے کاروبار کو جائز قرار نہیں د یا جا سکتا،نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 28 مئی 2015 06:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماء لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ میں رکاوٹوں کیلئے 50 کروڑ مختص کیے ہیں‘ ضرب عضب کی وجہ سے پاکستان میں امن پر بھارت کو تکلیف ہورہی ہے۔ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا بھارت سے روشنی کی گنجائش نہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی 15 لاکھ فوج ہے تو ہماری بھی چھ لاکھ فوج جس کا عزم اور حوصلہ بلند ہے کسی غلط فہمی میں نہ رہے ۔

(جاری ہے)

بھارت کے وزیر دفاع سمیت دیگر عہدیداران کے بیانات ناقابل برداشت ہیں بھارت میں مسلمانوں کو نوکریاں نہیں دی جارہی۔ بھارتی حکومت اس طرف توجہ دے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ قومی منصوبہ ہے منصوبے پر اے پی سی آج جمعرات کو ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے قومی اقتصادی راہداری منصوبہ بھارت کو ہضم نہیں ہورہا بھارت نے منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے کیلئے پچاس کروڑ مختص کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ڈگریوں کے کاروبار کوئی جائز قرار نہیں دے سکتا۔ اس کاروبار سے پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے اوربیرون ملک پاکستانیوں کوطعنے ملیں گے۔