حکومت، عوام اور فوج کو متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا،وزیر اعظم ،یوم تکبیر درحقیقت پاکستانی قوم اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے یوم افتخار ہے،ایٹمی دھماکوں کی بدولت ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا، پوری قوم دہشت گردی کے مسئلے پر یک جان اور یک زبان ہے،اقتصادی راہداری کے اس منصوبے کے ثمرات پاکستان کے ہر علاقے کے لوگوں تک پہنچیں گے،نوازشریف کا یوم تکبیر کے موقع پر پیغام

جمعرات 28 مئی 2015 06:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مئی۔2015ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ یوم تکبیر درحقیقت پاکستانی قوم اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے یوم افتخار ہے،ایٹمی دھماکوں کی بدولت ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا، پاکستان کے بدخواہوں نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی اور اندرونی طور پر کمزور کرنے کے در پے ہیں،حکومت، عوام اور فوج کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا پڑ یگا، آج پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے مسئلے پر یک جان اور یک زبان ہے،اقتصادی راہداری کے اس منصوبے کے ثمرات پاکستان کے ہر علاقے کے لوگوں تک پہنچیں گے ۔

آج 28مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس دن پاکستان عالم اسلام کی پہلی اور دُنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا تھا۔

(جاری ہے)

لہذا ہمیں یہ دن پاکستان کی وحدت اور سلامتی کے عہد کی تجدید کرتے ہوئے پورے جوش و جذبے سے منانا چاہیے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ 11مئی1998ء کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں نے جنوب مشرقی ایشیاء میں طاقت کا توازن درہم برہم کر دیا تھا ۔

بھارت کے جارحانہ عزائم میں اس قدر شدت پیدا ہو گئی تھی کہ ُاس نے نہ صرف آزاد کشمیر میں اپنی فوجیں داخل کر دینے کے مذموم ارادے ظاہر کرنا شروع کر دیئے بلکہ اس مقصد کے لیے بھاری تعداد میں افواج کنٹرول لائن پر پہنچا نا شروع کر دی تھیں۔ انکا کہنا تھا کہ بھارت کے وزیر دفاع نے یہ اعلان بھی کر دیا کہ اب بھارتی فوج کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کر دیا جائے گا۔

ان اعصاب شکن حالات میں ہم نے اہل رائے سے مشاورت کا عمل شروع کیا کہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب کیسے دیا جائے اور دھماکے نہ کرنے کے لیے جس عالمی دباؤ کا سامنا ہے اُس سے کیسے نمٹا جائے۔ خوش قسمتی سے پوری قوم کے جذبات اور خیالات کی وجہ سے مجھے حوصلہ افزا صورتِ حال نظر آئی اور ہم نے پاکستان کے عظیم تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 28مئی1998ء کو پاکستان ایٹمی طاقت بن گیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ میری جلاوطنی کے زمانہ میں بھی نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے تحت یوم تکبیر باقاعدگی سے منایا جاتا رہا اور ان تقاریب میں میرا انتہائی اچھے الفاظ میں تذکرہ کیا جاتا تھا جس کے لیے میں تہہ دل سے ممنون ہوں۔نوازشریف نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا۔ اب کسی دشمن میں جرات نہیں کہ اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے تا ہم اس کے بدخواہوں نے اب اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے۔

وہ اسے اندرونی طور پر کمزور کرنے کے در پے ہیں۔ایسی صورتحال کا مقابلہ کرنا اکیلے حکومت کے بس کی بات نہیں ہوتی بلکہ اس کی خاطر حکومت، عوام اور فوج کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔ ا ! آج پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے مسئلے پر یک جان اور یک زبان ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف جاری ”آپریشن ضرب عضب“ بے مثال کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور مادرِوطن کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کی خاطر پاک فوج کے افسر اور جوان اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں تا کہ ہمارا حال اور ہماری نئی نسل کا مستقبل محفو ظ بنایا جا سکے۔

آج اس اہم دن کے موقع پر میں ”چائنا پاکستان اکنامک کاریڈور“ کا تذکرہ کیے بغیر نہیں رہ سکتا ۔اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط بنانے کے لیے اسے اقتصادی لحاظ سے بھی مضبوط بنانا ہو گا۔ اقتصادی راہداری کا منصوبہ اسی جانب ایک اہم قدم ہے۔میں پوری دیانت داری سے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اقتصادی راہداری کے اس منصوبے کے ثمرات پاکستان کے ہر علاقے کے لوگوں تک پہنچیں گے ۔

مجھے یہ کہنے میں کوئی تامّل نہیں کہ پہلے اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایٹمی دھماکہ کرنے کا شرف عطا فرمایا تھا اور انشاء اللہ اب معاشی دھماکہ کرنے کا اعزاز بھی ہماری حکومت کو ہی حاصل ہو گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پوری نیک نیتی سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور اپنے اقدامات کے لیے ان کے سامنے جوابدہ بھی ہیں۔ حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابیاں اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ عوام ہماری ترقی پسند پالیسیوں کی تائید کرتے ہیں۔ انشاء اللہ! ہم عوام کی اسی تائید و حمایت کی بدولت پاکستان کو ایک جدید ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے اپنے مقاصد میں ضرور کامیاب ہوجائیں گے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔