کسٹم حکام نے ایان علی کا چالان مکمل کر لیا ، کل کسٹم جج عدالت میں پیشی کا امکان، ٹیکس چوری کے مقدمات درج کرنے کی استدعا کی جائے گی،خوبرو ماڈل کو بااثر دوستوں نے بھی جیل میں رہنے کا مشورہ دیدیا

بدھ 27 مئی 2015 06:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2015ء) کسٹم حکام نے خوبرو ماڈل آیان علی کا چالان مکمل کر لیا ، کل جمعرات کو کسٹم جج کی عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے ،کسٹم اینٹلی جنس کی جانب سے منی لانڈرنگ اور ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس چوری کے مقدمات درج کرنے کی استدعا کی جائے گی،ماڈل آیان علی کو مشکل سے نکالنے کے دعوے کرنے والے بااثر دوستوں نے بھی جیل میں رہنے کا مشورہ دیدیا ہے ، کسٹم ذرائع کے مطابق ماڈل آیان علی کے خلاف 5لاکھ ڈالر اسمگلنگ کے مقدمے کا حتمی چالان مکمل کیا جا چکا ہے اور اس کو اگلی پیشی پر عدالت میں جمع کرایا جائے گاذرائع کے مطابق کسٹم حکام کی جانب سے چالان پیش کئے جانے کے بعد مقدمے کی باقاعدہ سماعت شروع ہوگی ماڈل کے خلاف منی لانڈرنگ کے سلسلے میں کسٹم انٹیلی جنس کے حکام بھی مقدمہ درج کرنے اور ملزمہ سے تفتیش کرنے کی استدعا عدالت سے کریں گے جبکہ ایف بی آر حکام بھی ٹیکس چوری کے سلسلے میں عدالت سے تفتیش کی اجازت مانگیں گے ذرائع کے مطابق ایف بی آر ان لینڈ ریونیوکی جانب سے پہلے بھی ماڈل آیان علی سے ٹیکس ادائیگی سے متعلق تفتیش کی گئی تھی جبکہ انکم ٹیکس کے ڈیٹا بیس پر بھی ماڈل کی جانب سے ادا کئے جانے والے انکم ٹیکس کی تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر ایف بی آر حکام کو صرف یہ معلوم ہو سکا کہ ماڈل نے این ٹی این نمبر حاصل کیا ہے مگر اس کی جانب سے ادا کیے جانے والے انکم ٹیکس کا کوئی ریکارڈ نہ مل سکا ذرائع کے مطابق ماڈل آیان علی کو کسٹم حکام کے نرغے سے نکالنے کی یقین دہانیاں کرانے والوں نے بھی میڈیا کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ماڈل کے ساتھ رابطے کم کر دئیے ہیں اور ماڈل کو کچھ عرصہ تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :