چاہتاہوں کہ پاکستان یورپ ،دبئی اورامریکہ کی طرح ترقی کرے ، ملک ریاض،پوراپاکستان میراہے ،ہرصوبے میں بحریہ ٹاوٴن بناوٴں گا،ہمیں حکمران ملے ہیں لیڈرنہیں ملے ،میری دولت پاکستان کے عوام کی امانت ہے،وزیراعظم بزنس مینوں کی ویلفیئرکونسل بنائیں پاکستان کے مسائل اکیلی حکومتیں حل نہیں کرسکتیں ،نجی ٹی وی کو انٹرویو

منگل 26 مئی 2015 07:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2015ء)بحریہ ٹاوٴن کے سربراہ ملک ریاض نے کہاہے کہ چاہتاہوں کہ پاکستان یورپ ،دبئی اورامریکہ کی طرح ترقی کرے ،پوراپاکستان میراہے ،ہرصوبے میں بحریہ ٹاوٴن بناوٴں گا،ہمیں حکمران ملے ہیں لیڈرنہیں ملے ،میری دولت پاکستان کے عوام کی امانت ہے،وزیراعظم بزنس مینوں کی ویلفیئرکونسل بنائیں پاکستان کے مسائل اکیلی حکومتیں حل نہیں کرسکتیں ۔

نجی ٹی وی کودیئے گئے انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ لاکھ افرادروزانہ ہمارے دسترخوان پرکھاناکھاتے ہیں ،پاکستان کے 100میں سے زیادہ ٹیکس دینے والوں میں شامل ہوں ،مجھ سے بھی پاکستان میں کئی امیدیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میراسفرسڑک پرسے شروع ہوااورآج بھی سڑک پرہوں ،لوگ میری غربت ،ترقی اورفلاحی کاموں سے واقف ہیں ،چاہتاہوں جب مروں توفلاحی ٹائیکون کے نام سے مروں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 1969ء سے کاروبارکررہاہوں ،صدر،وزیراعظم سے مددنہیں مانگی ،کبھی حکومتی عہدیدارنہیں رہا،قبضہ مافیانہیں ہوں ،ہم خودقبضہ مافیاکے چنگل میں پھنس چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ اورنیب نے ہماری انکوائریاں کیں چیف جسٹس افتخارچوہدری میرے دشمن تھے ،ایک مرلہ قبضہ کاثابت نہیں کرسکے ۔انہوں نے کہاکہ کاروبارمیں کسی کے ساتھ پارٹنرشپ نہیں کی اورنہ کسی غریب کے ایک مرلے پرقبضہ کیااورنہ کوئی ثابت کرسکتاہے ۔

آصف علی زرداری پارٹنرنہیں ہیں ،ان کے ساتھ دل کی دوستی ہے ،دس سال سے دوستی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت سے زمین نہیں خریدتے لوگوں سے ان کی مرضی کے مطابق زمین خریدتے ہیں ۔چوہدری نثارعلی خان عظیم آدمی ہیں ان کی وجہ سے سندھ نہیں گیا،پاکستان کے ہرشہرجارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میں نے ایسے چیف جسٹس کے خلاف لڑاجس کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی نہیں تھی ،اللہ تعالیٰ نے سرخروکیا۔

انہوں نے کہاکہ کسی صحافی کوپیسہ نہیں دیا،کسی اینکرکومکان نہیں دیا،میرے خلاف جتنے پروگرام ہوتے ہیں اتنے وزیراعظم کے خلاف نہیں ہوتے ۔انہوں نے کہاکہ بول چینل میں ایک روپیہ نہیں تھا،بول چینل سے میراکوئی تعلق نہیں ہے اورنہ سرمایہ کاری کی ہے ۔دھرنے ختم کرانے میں میراحصہ تھامیں چاہتاتھادھرنے نہ ہوں حکومت اپنی مدت پانچ سال پورے کرے ،میاں نوازشریف اورآصف علی زرداری کوآپس میں ملایا،چوہدری برادران اورآصف علی زرداری کوملایا۔

جنرل (ر)اشفاق پرویزکیانی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان اورخیبرپختونخواہ میں بحریہ ٹاوٴن بنائیں گے ،بحریہ ٹاوٴن ،سکولز،ہسپتالز،یونیورسٹیاں اورکالج بناتاہے ،ہم چاہتے ہیں کہ ہماراملک دنیاکے ترقی یافتہ ممالک سے بہترہو۔دھرنوں میں شریک شرکاء کوکھانادینے کے حوالے سے سوال پرانہوں نے کہاکہ شرکاء کودو،تین دن کھانااورپانی دیاتھااورایساکرناکوئی جرم نہیں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم بزنس مینوں کی ویلفیئرکونسل بنائیں جس کوبزنس مین خودہی چلائیں ،پاکستان کے مسائل اکیلی حکومت حل نہیں کرسکتی ۔آصف علی زرداری نے لاہورمیں اپنے گھرکے پیسے دیئے ہیں ،بحریہ ٹاوٴن میں اقساط پرپیسے دیتے ہیں ،بلاول ہاوٴس تحفہ میں نہیں دیا،17کروڑاداکرچکے ہیں باقی دے رہے ہیں ،جب ساری رقم دیں گے توپھرآصف علی زرداری کے نام ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ایمان علی سے میراکوئی تعلق نہیں ،اس کوبچارہاہوں ،میراجہازبھی ایسے کاموں کیلئے استعمال نہیں ہوتا۔انہوں نے کہاکہ ساری خواہشیں پوری ہوچکی ہیں ایک خواہش باقی ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی ختم ہوجائے ،دہشتگردی تب ہی ختم ہوگی جب روزگارکے مواقع پیداہوں گے ۔وزیراعظم نوازشریف کوپانچ منصوبے دیئے ہیں ،جن پروہ کام کررہے ہیں ۔ان منصوبوں سے دس لاکھ افرادکوروگارملے گا،پاکستان 2سال میں ٹھیک ہوسکتاہے ،شہبازشریف کی طرح کے لوگ آجائیں توپاکستان ٹھیک ہوجائیگا