پرویز رشید نے مدارس کے خیرسگالی دورے شروع کر دیئے،مساجد میں دہشت گردی غیر اسلامی فعل ہے، پرویز رشید، اسلام لوگوں کی زندگیاں بچانے کا درس دیتا ہے ملک میں کرکٹ سمیت ہر شعبہ زندگی دہشت گردی کا شکار بنا ، نئی نسل کو دہشت گردی سے پاک پاکستان فراہم کریں گے ،میڈیا سے گفتگو

پیر 25 مئی 2015 06:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2015ء) دینی مدارس کے بڑوں سے ناراضگی دور کرنے کے لئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے مدارس کے خیرسگالی دورے شروع کر دیئے ، پہلے دورے میں راولپنڈی جبکہ اگلے مرحلے میں اسلام آباد کے بڑے مدارس کے دورے بھی کئے جائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے مدارس کے ساتھ تعلقات کی بحالی شروع کر دی ہے اور مدارس کے دورے شروع کر دیئے ہیں ۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ مدارس سے میرا تعلق چالیس سال سے ہے دہشت گردی نقصان کا راستہ ہے اور مساجد میں دہشت گردی غیر اسلامی فعل ہے ۔ اسلام لوگوں کی زندگیاں بچانے کا درس دیتا ہے ملک میں کرکٹ سمیت ہر شعبہ زندگی دہشت گردی کا شکار بنا ہے اور سعودی عرب میں نمازیوں پر حملہ کرنا افسوسناک ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر پرویز رشید نے راولپنڈی میں الخلیل قرآن کمپلیکس میں تقریب کے دوران 60 حافظ قرآن کی دستابندی اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کر نے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنے آپ کو مسلمان سمجھنا چا ہیے اور علما کرام دوریاں اور نفاق پیدا کرنے والی باتوں سے احتراز برتیں ۔

دہشت گردی نے ملک کو نقصان پہنچایا اور معاشرہ تباہ کیا جبکہ اسلام لوگوں کی زندگیاں بچانے کا درس دیتا ہے اور قرآن کریم کی تعلیمات میں بھی امن و محبت کا درس ملتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کرکٹ سمیت ہر شعبے کو دہشت گردی نے نقصان پہنچایا ہے اور سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے سے ملک کو دنیا بھر میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ پرویز رشید نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ دہشتگردی غیر اسلامی فعل ہے اور ہمیں ایسی کوئی بات نہیں کرنی چاہئے جس سے دوسروں کو تکلیف ہو ۔

مستقبل کے بچوں کو دہشت گردی سے پاک پاکستان فراہم کریں گے ۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں مسجد پر حملہ کیا گیا ہے اور نمازیوں پر حملہ کرنا افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔

متعلقہ عنوان :