کراچی پولیس نے ذوالفقار مرز ا کی پیشی کے موقع پر حراست میں لئے گئے 11 ملزمان کی گرفتاری ظاہر کر دی ، برآمد شدہ ہتھیاروں میں نیٹو کنٹینرز سے چوری کیا گیا اسلحہ بھی شامل ہے،پولیس کا دعویٰ ،سانحہ صفورا میں مزید 3ملزمان کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ،یڈیشنل آئی جی کراچی کی صحافیوں پر تشدد کے واقعہ پر معذرت

پیر 25 مئی 2015 06:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2015ء)پولیس نے سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیر داخلہ ذولفقارمرزا کی پیشی کے موقع پر حراست میں لئے جانے والے11 ملزمان کی گرفتاری ظاہر کر دی، پولیس کا دعویٰ ہے کہ برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں نیٹو کنٹینرز سے چوری کیا گیا اسلحہ بھی شامل ہے،جبکہ پولیس نے سانحہ صفورا میں مزید 3ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے پریس کانفرنس میں سندھ ہائی کورٹ میں پولیس کی جانب سے صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعہ پر معذرت کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطا بق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ساوٴتھ زون پولیس کو 23مئی کو اطلاع ملی کہ ATCکورٹ کے باہر 3ویگو گاڑیوں نمبر KS.9555،KR.8555،KR8111،پر کچھ مسلح شرپسندوں عناصر نعرہ بازی اور اسلحہ لہراتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں ،ایس ایچ او پریڈی بمعہ دیگر نفری کے ساتھ سندھ ہائیکورٹ کے مین گیٹ پر پہنچے اور ان شرپسندوں عناصر کو سندھ ہائیکورٹ کے اندر داخلے سے روکنے کی کوشش کی تو تینوں گاڑیوں پر سوار مسلح اشخاص نے پولیس پارٹی پر غصہ مین جان سے مارنے کی نیت سے اپنا اپنا اسلحہ پولیس پارٹی پر سیدھا تان لیا جس پر پولیس پارٹی نے نہایت حکمت عملی سے گھیرا ڈال کر 11شرپسند عناصر ملوک ،ریاض ،عبدالرحیم ،محمد عاشق ،محمد ہارون ،تجمل حسین ،عبدالحمید ،نبی بخش ،غلام ولی ،حامد حسن نجات حسین کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 10رائفل ،جی تھری رائفل 4عدد،2ایل ایم جی ،296کارتوس ،1500گولیاں اور 20میگزین برآمد کرلئے پریس کانفرنس کے دوران اے آئی جی کراچی کے ہمراہ قائمقام ایس ایس پی ساوٴتھ چوہدری اسد اور ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ بھی موجود تھے،ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ کو سیکیورٹی خدشات کی بناء پر ہائی کورٹ میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے تھے،ذوالفقار مرزا کے ہمراہ موجود مسلح افراد پولیس پر حملے کی منصوبہ بندی کئے ہوئے تھے اور ایسا ہونے کی صورت میں بڑا جانی نقصان ہوتا،گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں نیٹو کنٹینرز سے چوری کیا گیا اسلحہ بھی شامل ہے،ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کا کہنا تھا کہ پولیس صرف اپنے فرائض انجام دے رہی ہے ،سندھ ہائی کورٹ میں صحافیوں پر تشدد کے معاملے پر ایڈیشنل آئی کی کراچی کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے احتجاج کیا اور پریس کانفرنس کا علامتی بائی کاٹ کیا ، ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے واقعہ کی ایف آئی آر درج کرنے کی یقین دہانی پر صحافیوں نے بائی کاٹ ختم کر دیا،اس دوران ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ پولیس نے سانحہ صفورا میں ملوث مزید 3ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :