نوازشریف اور چوہدری نثار میں ناراضگی ختم ،چند روز میں ون ٹو ون ملاقات ہوگی ، اختلافات کے خاتمے میں شہبازشریف اور سعد رفیق نے اہم کردار ادا کیا،وزیراعظم ہر محکمے میں موجود کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی پر رضا مند ،نیشنل ایکشن پروگرام کے فنڈز فوری جاری کرنے کی یقین دھانی بھی کرادی ،ذرائع

پیر 25 مئی 2015 06:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2015ء)وزیراعظم محمدنوازشریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کے درمیان کئی ماہ سے جاری ناراضگی ختم ہوگئی ہے۔وزیراعظم اور وزیرداخلہ آئندہ چند روز میں ون ٹو ون ملاقات کریں گے۔وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے درمیان اختلافات ختم کروانے میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اور وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اہم کردار ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور انکے رفقاء وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے ویژن کے مطابق ہر محکمے میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی پر رضا مند ہوگئے۔وزیراعظم کی طرف سے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کو یقین دہانی کروادی گئی ہے کہ ایف آئی اے،پولیس یا کسی بھی دوسرے محکمے میں موجود کرپٹ افسریا چھوٹے اہلکار کیخلاف مؤثر ایکشن لیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی طرف سے وزیرداخلہ کو یہ بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ نیشنل ایکشن پروگرام کو نہ صرف بروقت فنڈز فراہم کئے جائیں گے بلکہ نیشنل ایکشن پروگرام کی سفارشات کی روشنی میں دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی طرف سے وزیرخزانہ کو اس حوالے سے احکامات بھی دے دئیے گئے ہیں کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے فنڈز فوری جاری کردئیے جائیں۔

علاوہ ازیں حکومت نے اپنے طاقتور وزیرداخلہ کو تمام شعبوں میں میرٹ پالیسی کو یقینی بنانے اور انکے معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت نہ ہونے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے مابین پچھلے چند ماہ سے بول چال ہی بند ہوگئی تھی اور دونوں رہنماؤں کی راہیں جدا نظر آنے لگی تھیں۔اس دوران میاں شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق وزیرداخلہ کو منانے کی بھرپور کوششیں کرتے رہے اور آخر کار وہ اس میں کامیاب بھی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے درمیان رواں ہفتہ کے دوران ون ٹو ون ملاقات کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق وزیراعظم میاں نوازشریف کو یہ باور کرانے میں کامیاب رہے ہیں کہ چوہدری نثار علی خان ایک بااصول پکے مسلم لیگی ہیں،مسلم لیگ(ن) ان جیسے اصول پسند رہنما کی علیحدگی کو برداشت نہیں کر پائے گی