سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے مغو ی بیٹے کا افغانستان سے ٹیلی فونک رابطہ،علی حیدر گیلانی نے اپنی خیریت سے آگاہ کیا ،بیٹے کی آواز سن کر گیلانی جذباتی اور آبدیدہ ہو گئے، 8 منٹ تک گفتگو کی ،شاہ محمود قریشی سے بھی بات کروائی گئی ،میرا بیٹا خیریت سے ہے اور اس کے حوصلے بلند ہیں، یوسف رضا گیلانی،میرے بیٹے کے اغواء کاروں سے براہ راست بات چیت ہوسکتی ہے،فون آنا بڑی پیش رفت ہے، میں نہیں جانتا میرے ساتھ فون پر کس نے بات کی،سابق وزیر اعظم کی صحافیوں سے گفتگو

پیر 25 مئی 2015 06:42

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2015ء)سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے اتوار کی دوپہر 2013 کے الیکشن مہم کے دوران ملتان سے اغواء کئے جانے والے بیٹے علی حیدر گیلانی نے افغانستان کے نامعلوم مقام سے ٹیلی فونک رابطہ کیااور اپنی خیریت سے آگاہ کیا ۔یہ رابطہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملتان سے 100 میل کے فاصلے جلال پور پیر والا میں اس وقت ہوا جب وہ وہاں ایک قرآن خوانی کی تقریب میں شریک تھے اور وہاں پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے دو سال قبل اغواء ہونے و الے بیٹے علی حیدر گیلانی کی اغواء کی واردات کے بعد پہلی بار علی حیدر گیلانی کی آواز سنی اور وہ اپنے بیٹے علی حیدرگیلانی کی آواز سن کر جذباتی اور آبدیدہ ہو گئے تاہم انہوں نے اپنے جذبات کو قابو رکھا اور اپنے بیٹے علی حیدر گیلانی سے 8 منٹ تک اس کی خیریت کی بات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے اغواء ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی کی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی سے بھی دو منٹ تک بات کروائی اور خدا کا شکر ادا کیا کہ ان کا بیٹا صحیح سلامت ہے اور اللہ سے دعا کی کہ خداوند کریم ان کے بیٹے علی حیدر گیلانی اور سلمان تاثیر کے اغوا ہونے والے بیٹے کو جلد واپس اپنے گھروں کو لائیں ۔

اس قرآن خوانی کی تقریب میں موجود ہزاروں افراد نے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ٹیلی فون کال آنے پر اور ان کی خیریت معلوم ہونے پر سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو مبارک باد دی ۔ جس میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے بھی اس اچانک کال کے آنے پر اور سابق وزیر اعطم سید یوسف رضا گیلانی سے دو سال بعد ان کے اغوا ہونے والے علی حیدر گیلانی سے بات ہونے اور ان کی خیر خیریت معلوم ہونے پر سابق وزیر اعطم گیلانی کو مبارک دی اور دعا کی کہ خداوند کریم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی اور دیگر اغواء ہونے والے افراد کو خیریت سے واپس ان کے گھر لائے ۔

اس وقت سابق وزیر اعظم گیلانی نے شاہ محمود قریشی اور تقریب مں موجود مبارک باد دینے والے افراد کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا خیریت سے ہے اور اس کے حوصلے بلند ہیں اور مجھے خداوند کریم سے یقین ہے کہ وہ بہت جلد مجھے اور میرے بیٹے اور سلمان تاثیر کے بیٹے اور دیگر پاکستانی اغواء ہونے والے افراد کو واپس ان کے گھروں میں لائے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم سید یوسف گیلانی سابق صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ افغانستان میں بننے والی نئی حکومت کے حکمرانوں کو مبارک باد دینے افغانستان گئے تھے جہاں انہوں نے افغان حکمرانوں سے ہونے والی اس ملاقات میں اپنے اغواء ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی اور سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے اغوا ہونے والے بیٹے اور دیگر پاکستانیوں کی رہائی کے لئے مدد دینے بار ے بات کی تھی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اتوار کی دوپہر اپنے بیٹے سے ہونے والی اس اچانک ٹیلی فونک ملاقات اور بات چیت کے بعد انتہائی خوش و خرم دکھائی دیئے اور انہوں نے جلال پور ملتان واپسی تک اپنی گاڑی خود ڈرائیو کی اور دوران سفر اپنی گاڑی میں موجود اپنے دوستوں سے اپنے بیٹے علی حیدر گیلانی کے بارے میں گفتگو کرتے رہے اور انتہائی پرمسرت دکھائی دیئے ۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انکے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے حوالے سے اغواء کاروں سے براہ راست بات چیت ہوسکتی ہے۔ اتوار کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اطلاعات تھیں کہ اغواء کار ڈرون حملے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ مجھے فون آیا کہ علی حیدر گیلانی خیریت سے ہے،میں ان افراد سے بات کر سکتا ہوں جو مستند ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خفیہ ایجنسیوں نے بتایا ہے کہ آپ کا بیٹا پاکستان میں نہیں ہے۔ افغانستان میں اغواء کاروں کے پاس ہیں۔ افغانستان کا دورہ اسی لئے کیا جہاں میں نے افغان صدر کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی ایک بڑی پیش رفت ہے کہ اغواء کاروں کا کا فون آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اغواء کاروں سے ثالث کے ذریعے بات ہوسکتی ہے میں نہیں جانتا کہ میرے ساتھ فون پر کس نے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے حالیہ دورہ افغانستان کے دوران افغان حکام کے ساتھ میرے اور سلمان تاثیر کے بیٹے کے حوالے سے بات کی تھی۔