اقتصادی راہداری ،حکومت نے 28مئی کو کل جماعتی کانفرنس پھر طلب کر لی ،وزارت منصوبہ بندی کو تفصیلی بریفنگ کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت سفارشات تیار کرنے کی ہدایت ،تحریک انصاف ،پختونخواہ عوامی ملی پارٹی ،ایم کیو ایم اور اے این پی نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا

ہفتہ 23 مئی 2015 07:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مئی۔2015ء )پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر حکومت نے ایک بار پھر متعدد جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے 28مئی کو کل جماعتی کانفرنس پھر طلب کر لی ہے ۔وزارت منصوبہ بندی کو تفصیلی بریفنگ کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سینٹ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف ،پختونخواہ عوامی ملی پارٹی ،ایم کیو ایم اور اے این پی نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر تفصیلی نہیں بتایا گیا کیونکہ گزشتہ بریفنگ کے دن سانحہ صفورہ بھی پیش آگیا تھا جس پر ہر انسان دکھی اور افسردگی کے عالم میں بریفنگ سے استفادہ نہیں کر سکا تھا ۔

حکومت نے تمام اپوزیشن پارٹیوں سمیت دیگر رہنماؤں کو ایک بار پھر اقتصادی راہداری پر مکمل اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 28مئی بلا لیا ہے تاکہ انہیں تفصیل سے آگاہ کر کے انکے تحفظات دور کیے جا سکیں ۔واضع رہے کہ 28مئی کو یوم تکبیر بھی ہے اور اسی روز حکومت یوم تکبیر کی سالگرہ بھی تمام جماعتوں کے ہمراہ منائے گی ۔