پرویز مشرف کو لیگی دھڑے اکٹھاکرنے کا ٹا سک مل گیا ،سابق صدر سے چوہدری شجاعت ،پرویزالٰہی اور صبغت اللہ راشدی کی ملاقات،(ن) لیگ کے علاوہ تمام لیگی دھڑوں کو متحد کرنے پر اتفاق، حکومت کیخلا ف گرینڈ الائنس اور ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ،موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ،امن و امان کی صورت حال ،دہشت گردی ،مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا حرام کر دیا ،تمام لیگی دھڑوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، پرویز مشرف

جمعرات 21 مئی 2015 05:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2015ء)سابق صدر پرویز مشرف نے لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنے کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں،سابق صدر سے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت ،پرویزالٰہی اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ صبغت اللہ راشدی سے ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ لیگی دھڑوں نے تمام اختلافات کو بھلا کر مستقبل میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا ہے اور اس حوالے سے تمام تر اختیارات پرویز مشرف کو سونپ دیئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روزمسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی اسلام آباد سے کراچی پہنچے جہاں انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف سے ان کی رہائش گاہ پر طویل ملاقات کی ہے جس میں تمام لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنے اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران سابق صدر پرویز مشرف نے مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ صبغت اللہ راشدی کو ٹیلی فون کیا اور ان کو اپنی رہائش پر عشائیہ پر مدعو کیا،لیگی رہنماؤں کے درمیان طویل ملاقات ہوئی جس میں ملک میں امن وامان اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے،رپورٹ کے مطابق لیگی رہنماؤں نے ملاقات کے دوران اتفاق کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ تمام لیگی دھڑوں کو اکٹھا کیا جائے گا اور اس حوالے سے ایک دوسرے لیگی دھڑوں کے تحفظات کو بھی دور کیا جائے گا،لیگی رہنماؤں نے مل کر اکٹھا چلنے اور مستقبل میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا ہے ،ملاقات میں پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن اور عام انتخابات میں ملکر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران لیگی رہنماؤں نے سابق صدر پرویز مشرف کو لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنے کے لئے ٹاسک دے دیا ہے اس حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف ملک کے دیگر لیگی رہنماؤں کے ساتھ رابطے کریں گے اور ان کے تحفظات دور کر کے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں گے اور جلد ہی کراچی میں تمام لیگی دھڑوں کے سربراہوں کو مدعو کر کے اظہار یکجہتی کا واضح پیغام پہنچایا جائیگا،رپورٹ کے مطابق لیگی دھڑوں نے حکومت کے خلاف گرینڈالائنس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے اورمستقبل میں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہوگئی ہے،ملک میں امن وامان کی صورت حال انتہائی خراب ہے ،کراچی میں قتل و غارت جاری ہے اور حکومت نے دہشت گردوں کو مکمل طور پر چھوٹ دے رکھی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام موجودہ حکومت سے تنگ آ چکے ہیں مہنگائی اور بے روز گاری نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے،حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی بحران کی دلدل میں پھنس چکا ہے،انہوں نے کہاکہ ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کیلئے لیگی دھڑوں کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ادھرملک میں متحدہ مسلم لیگ کے قیام کیلئے کوششیں مزید تیز ہو گئی ہیں ۔

پرویز مشرف ، چوہدری برادران اور پیر صاحب پگارا کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے لیے تمام مسلم لیگی گروپوں سے رابطوں کو تیز کیا جائے گا اور اس حوالے سے جلد ایک اجلاس طلب کرکے تمام لیگی دھڑوں کو اس میں مدعو کیا جائے گا اور متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے لیے حتمی ایجنڈا مرتب کیا جائے گا ۔ متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے بدھ کو ایک اہم ملاقات بدھ کو آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی ، جس میں اے پی ایم ایل کے چیئرمین پرویز مشرف ، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے شرکت کی ۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال ، متحدہ مسلم لیگ کے قیام سمیت اہم قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر پرویز مشرف نے چوہدری شجاعت حسین اور پیر صبغت اللہ شاہ راشدی ( پیر پگارا ) کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ متحدہ مسلم لیگ کا قیام وقت کی ضرورت ہے ۔

تمام مسلم لیگی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکھٹی ہو جائیں تاکہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے بہتر انداز میں کوششیں کی جا سکیں ۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ جلد از جلد متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے لیے کوششوں کو تیز کیا جائے گا اور تمام رہنما انفرادی سطح پر بھی دیگر مسلم لیگی جماعتوں سے رابطے کریں گے ۔

ملاقات میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات میں مشترکہ طور پر سیاسی اتحاد بنا کر حصہ لیا جائے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ متحدہ مسلم لیگ کے قیام سے نہ ہم کسی کی حکومت گرانا چاہتے ہیں نہ ہی اپنی حکومت بنانا چاہتے ہیں ۔ اس اتحاد کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ ملک اور وفاق کو مضبوط کیا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو بچانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی ضرورت ہے ۔ پرویز مشرف سیاسی طور پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ متحدہ مسلم لیگ کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں مڈ ٹرم انتخابات یا مار شل لاء سمیت کچھ بھی ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر راج لگانا میرا کام نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں پرویز مشرف اور پیر پگارا سے سیاسی صورت حال اور متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے بات ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیلی کمیونٹی کا ملک کی ترقی اور خدمت میں اہم کردار ہے ۔ کراچی میں اسماعیلی کمیونٹی پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں ۔ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں ملنی چاہئیں اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مربوط پالیسی بننی چاہئے ۔ بعد ازاں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین حلیم عادل شیخ کے ہمراہ کلفٹن میں واقع اسماعیلی کمیونٹی کے جماعت خانے گئے ، جہاں انہوں نے اسماعیلی کے رہنما حبیب پیر محمد سے ملاقات کی اور سانحہ صفورا گوٹھ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا