شمالی وزیرستان،دتہ خیل میں فضائی کارروائی ،13 دہشت گردہلاک،5 ٹھکانے تباہ،ہلاک دہشت گردوں کا تعلق طالبان سے ہے،زمینی کارروائی کے بعد علاقہ کلیئر کر دیا،آئی ایس پی آر،پشاورمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی جاں بحق،ڈی ایس پی بہادرخان گھر سے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے دفتر جارہے تھے،اہل علاقہ نے زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا یا مگر جا نبر نہ ہو سکے ، حملے میں بیٹی محفو ظ رہی

جمعرات 21 مئی 2015 05:50

شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2015ء)شمالی وزیرستان کے علاقے تحصیل دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی سے 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ جیٹ طیاروں کی شیلنگ سے 5ٹھکانے تباہ ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے ترجمان سلیم عاصم باجوہ کے مطابق بد ھ کے علی الصبح انٹیلی جنس معلومات پر شمالی وزیرستان کے علاقے تحصیل دتہ خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کی اطلاع ملیں جس کے بعد پاک فضائیہ نے جیٹ طیاروں کی مدد سے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر شدید بمباری اور شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد مارے گئے اور 5 خفیہ ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے، ان خفیہ ٹھکانوں میں دہشت گردجمع تھے اور دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے منصوبہ بندی کررہے تھے،ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم طالبان سے ہے ، ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف زمینی کارروائی کی ہے اورتباہ حال خفیہ ٹھکانوں کو کلیئر قرار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھرپشاور کے علاقے گلبہار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی محکمہ انسداد دہشت گردی کل بہادر خان شہید ہو گئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ڈی ایس پی گل بہادر خان اپنی رہائشگاہ سے بیٹی کے ہمراہ دفتر کی طر ف جا رہے تھے کہ شیخ آباد میں گلبہار چوک کے قریب پہلے سے موجود نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے وہاں موجود اہل علاقہ نے انہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچایا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ شہید ہو گئے عینی شاہدین کے مطابق ڈی ایس پی کل بہادر خان کی گاڑی پر دو مسلح افراد نے فائرنگ کی ہے جس سے ان کی گاڑی بھی مکمل طور پر گولیوں کی زد میں آئی اور وہ بھی زخمی ہو گئے تھے اس کے علاوہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تاہم گاڑی میں موجود ان کی بیٹی مکمل طور پر محفوظ رہی ہے ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر دو حملہ آوروں کی اطلاع ملی ہے تاہم اس حملے میں ڈی ایس پی محکمہ انسداد دہشت گردی گل بہادر خان شہید ہو گئے ہیں اور ان کی بیٹی مکمل طور پر محفوظ رہی ہے ۔