ماڈل آیان علی کے خلاف تحقیقاتی اداروں کا گھیرا تنگ ،مزید کئی سال تک پابند لاسل کرنے کیلئے شکنجہ تیار کر لیا

بدھ 20 مئی 2015 06:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2015ء)تحقیقاتی اداروں نے ماڈل آیان علی کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے مذید کئی سال تک پابند سلاسل کرنے کیلئے شکنجہ تیار کر لیا ہے ،منی سمگلنگ ،لانڈرنگ اور ٹیکس چوری پر تین متعلقہ اداروں نے علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ،کیس کی 25مئی کو ہونے والی سماعت کے موقع پر ماڈل آیان علی کے خلاف 5لاکھ ڈالر کی سمگلنگ کے سلسلے میں ابتدائی چالان پیش کرنے کے بعدتفصیلی چالان جلد ہی پیش کر دیا جائے گاذرائع کے مطابق ماڈل کے خلاف کسٹم اینٹیلی جنس نے بھی منی لانڈرنگ کے سلسلے میں تفتیش کرنے کیلئے کسٹم جج کو درخواست جمع کرائی ہے جس پر آئندہ پیشی کے موقع غور کیا جائے گاذرائع کے مطابق ایف بی آر آن لینڈ ریونیوکے اینٹیلی جنس اینڈ اینوسٹی گیشن ونگ نے بھی آیان علی کو اپنے ڈیٹا بیس میں تلاش کرنے کے بعد ان کے خلاف ٹیکس چوری کا مقدمہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ذرائع کے مطابق آیان علی کے پاس این ٹی این نمبر تو موجود ہے تاہم ماڈل نے کئی سالوں سے اپنا ٹیکس جمع نہیں کرایا ہے اور نہ ہی اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں ذرائع کے مطابق ملک کی دیگر تحقیقاتی ادارے بھی اس کیس میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور ماڈل آیان علی کے پس پردہ شخصیات کے بارے میں بھی حقائق سامنے آئے ہیں جن میں بعض کا تعلق سابقہ دور حکومت کی اہم شخصیات سے بتایا جاتا ہے ذرائع کے مطابق ماڈل کے خلاف تحقیقات رکوانے کے لئے بعض اہم شخصیات نے بھی دباؤ ڈالنے کی کوششیں کی ہیں اور اس میں کسی حد تک کامیاب بھی ہوگئے ہیں تاہم میڈیا کی جانب سے کیس میں زیادہ دلچسپی لینے کی وجہ سے ماڈل کو غیر ضروری رعایتیں فراہم کرنے کی کوششیں زیادہ کامیاب نہیں ہو رہی ہیں ذرائع کے مطابق ایک کیس سے خلاصی ملنے کے بعد ماڈل کو سلاخوں کے پیچھے رکھنے کیلئے مذید کئی کیس تیار کئے گئے ہیں۔