اسلام آباد، مسلم لیگ (ن)کا آئندہ الیکشن مریم نواز کی قیادت میں لڑنے کا فیصلہ ،بلدیاتی انتخابات ٹیسٹ کیس سمجھ کر عوامی اجتماعات میں بھیجنے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں

بدھ 20 مئی 2015 06:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2015ء) مسلم لیگ (ن)نے آئندہ الیکشن مریم نواز کی قیادت میں لڑنے کا فیصلہ کرلیاہے۔ بلدیاتی انتخابات کو ٹیسٹ کیس سمجھتے ہوئے عوامی اجتماعات میں بھیجنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم کو ہم خیال چند دوستوں نے مشورہ دیا کہ مریم نواز کو بلدیاتی انتخابات میں بھیجا جائے جس میں ان کا تعارف بھی ہو جائے گا اور سیاسی الیکشن کی پہلی تیا ری بھی۔

ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے اپنے لیگی ووٹ بنک کے تحفظ کیلئے مریم نواز کے انتخاب کو فیورٹ قرار دیا اور اپنے دوستوں کے مشورے پر عمل درآمد کرتے ہوئے سیاسی میدان میں باقاعدہ اتار دیا ہے ۔حمزہ شہاز کو گزشتہ عام انتخابات میں بھر پور موقع دیا گیا تھا مگر وہ پذیر ائی حاصل نہیں کر سکے تھے جتنی شریف برادران کو توقع تھی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو یہ بھی خیال آرہا ہے کہ آئندہ 2018میں آنے والے الیکشن جیتنے کی صورت میں مریم نواز سے بہتر اور کوئی نہیں ہے جس کو وزیر اعظم کاعہدہ دیا جائے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کی توسیع کے معاملہ پر میاں شہباز شریف اور میاں نواز شریف کے درمیان معمولی نوعیت کے اختلافات پیداہوئے تو کابینہ کی توسیع تاحال کھٹائی میں پڑ گئی ہے جس سے بہت سارے ارکان اسمبلی جن کے ساتھ وزارتوں کے وعدے کیے گئے تھے نالاں ہو چکے ہیں۔مسلم لیگ کی قیادت نے پارٹی کو متحد رکھنے اور تمام تر امور کی دیکھ بھال کیلئے مریم نواز کو خصوصی ٹاسک دے دیا ہے جس پربہت جلد مریم نواز شریف وزیر اعظم ہاؤس میں لیگی ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گی تاکہ ان کا تعار ف ہو جائے ۔