اسلام آباد، الیکشن کمیشن نے عمران کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس واپس لے لیا،عمران خان نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں کل کا ہری پور جلسہ منسوخ کردیا،ریٹرننگ افسرکو ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کی یقین دہانی

بدھ 20 مئی 2015 06:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس واپس لے لیا‘ عمران خان نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں جمعرات کو ہری پور میں ہونے والا جلسہ منسوخ کردیا۔ ریٹرننگ افسر ہری پور کو ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کروادی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پیر کے روز عمران خان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جاری کئے جانے والا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔

الیکشن کمیسن کے مطابق عمران خان نے انتخابی مہم کے سلسلے میں جمعرات کو ہری پور میں ہونے والا انتخابی جلسہ منسوخ کردیا ہے جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف جاری ہونے والا نوٹس واپس لے لیا ہے۔ عمران خان نے ریٹرننگ افسر ہری پور کو ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کروائی دی ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ہری پور کی جلسہ منسوخی کی تصدیق کے بعد الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن واپس لیا ہے۔

عمران خان کو الیکشن کمیشن نے پیرکے روز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اکیس مئی کو طلب کیا تھا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے سخت احکامات کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں وزیراعظم ‘ وزرائے اعلیٰ ‘ وزیر ‘ ایم این ایز ‘ ایم پی ایز کو بلدیاتی انتخابی مہم میں کسی بھی قسم کا حصہ لینے کی اجازت نہیں۔ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کا مجاز ہے۔